اسٹاک مارکیٹ میں دہشتگردی کا اثر 29500 کی حد پھر گرگئی

کے ایس ای 100 انڈیکس 3659 پوائنٹس کمی سے29472 ہوگیا، کاروباری حجم 36 فیصد کم


Business Reporter June 10, 2014
352 کمپنیوں کا کاروبار، 133 کے بھاؤ میں اضافہ، 197 کے داموں میں کمی، 22 میں استحکام رہا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

ISLAMABAD: متحدہ کے قائد الطاف حسین کی برطانیہ میں ضمانت منظور ہونے کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کاروبارکے ابتدائی دورانیے میں رونما ہونے والی 178.56 پوائنٹس کی تیزی دھشت گردی کی نئی لہر سامنے آنے کے بعدمندی میں تبدیل ہوگئی جس سے انڈیکس کی29500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر گرگئی۔

56 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے2 ارب30 کروڑ75 لاکھ 87 ہزار828 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ متحدہ کے قائد کی ضمانت منظور ہونے کے کیپیٹل مارکیٹ پرمثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوئے تھے لیکن کراچی ایئرپورٹ کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات نے سرمایہ کاروں کے حوصلے پست کردیے کیونکہ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کا عمل متاثر ہوگا اور انہی عوامل کے سبب سرمایہ کاروں نے پیر محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہوئے مارکیٹ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لی بلکہ حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جو مندی کا سبب بنی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر74 لاکھ95 ہزار117 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے8 لاکھ 96 ہزار 176 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے64 لاکھ40 ہزار511 ڈالراور این بی ایف سیز کی جانب سے1 لاکھ 58 ہزار428 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 36.59 پوائنٹس کی کمی سے29472.52 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 7.08 پوائنٹس کی کمی سے20212.70 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 17.23 پوائنٹس کی کمی سے47194.67 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت36.16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ29 لاکھ73 ہزار500 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 352 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 133 کے بھاؤ میں اضافہ 197 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سیمینس پاکستان کے بھاؤ49 روپے بڑھ کر1400 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ 19.98 روپے بڑھ کر 1290 روپے ہوگئے۔