پرتشدد احتجاج کی مذمت سفارتی عملے کی حفاظت کیلئے جارحانہ اقدامات کرینگے امریکا

امریکااپنے سفارتی عملے کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ،سفارت خانوں میں سیکیورٹی کاازسرنو جائزہ لیاجارہاہے


News Agencies September 20, 2012
امریکااپنے سفارتی عملے کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ،سفارت خانوں میں سیکیورٹی کاازسرنو جائزہ لیاجارہاہے،امریکی وزیرخاجہ ہلیری کلنٹن۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے گستاخانہ فلم پرتشددآمیزاحتجاج قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ا مریکاہرصورت اپنے سفارتکار اور عملے کی حفاظت کرنے میں کسی بھی حدتک جا سکتاہے۔

بدھ کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ امریکا ہر صورت اپنے سفارتکاراورعملے کی حفاظت کرے گا،سفارت خانوںکے تحفظ کی خاطرجارحانہ اقدامات سے بھی گریزنہیں کریںگے ۔انھوں نے کہاکہ تمام سفارت خانوں میں سیکیورٹی کا ازسرنوجائزہ لیا جارہا ہے،سفارت کاروںکاتحفظ یقینی بنایاجائے گا۔انھوں نے کہاکہ4امریکی سفارت کاروں کی ہلاکتوں کے بعدسفارت خانوں کی سیکیورٹی انتظامات پر تشویش ہے۔آن لائن امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈنے کہاہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف پاکستان میں ہونے والے مظاہروں کومانیٹر کیاجارہا ہے۔

واشنگٹن میں صحافیوںکوبریفنگ دیتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ پاکستان میں فلم کیخلاف مظاہروں کے باعث لاہور، پشاور اورکراچی میں امریکی قونصل خانے پبلک سروس کیلیے بند کردیے گئے ہیں تاہم اسلام ابادمیں ویزہ سیکشن کے علاوہ سفارتخانہ کھلاہے۔ان کاکہناتھاکہ پاکستان میں سفارتی عملہ محفوظ ہے امریکیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستانی حکام کیساتھ تعاون بہتررہا۔وکٹوریہ نولینڈ کا کہناتھاحقانی نیٹ ورک کے گردگھیراتنگ کرنے کیلیے پاکستان سے بات چیت جاری ہے۔