کراچی رشتے کے تنازع پر فائرنگ سے ماں جاں بحق بیٹی زخمی

مقتولہ کی شوہر سے ناراضگی چل رہی تھی، بیٹی کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہتی تھی، پولیس


Staff Reporter March 27, 2024
(فوٹو: فائل)

پیر آباد میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعہ میں ماں جاں بحق اور بیٹی زخمی ہوگئی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی اور ایس ایچ او پیر آباد شاہد تاج موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے فوری طور پر مقتولہ کی لاش اور زخمی بیٹی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کرایا، کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ پر شواہد محفوظ کرلیے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ نے بتایا کہ فائرنگ سے جاں بحق ماں کی شناخت 40 سالہ حبیبہ جبکہ زخمی بیٹی کی شناخت 18 سالہ مروہ دختر فضل کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتولہ خاتون کی شوہر سے کچھ عرصے سے ناراضگی چل رہی تھی اور دونوں ماں بیٹی نے مذکورہ مکان 6 ماہ سے کرائے پر لیا ہوا تھا جبکہ مقتولہ حبیبہ اپنی بیٹی کی رشتہ طے کررہی تھی۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پیر آباد فرنٹیئر کالونی فرحانیہ محلہ میں دونوں ماں بیٹی افطاری کے لیے دسترخوان پر بیٹھے تھیں کہ اس دوران ملزم نے گھر میں داخل ہو کر ان پر فائرنگ کر کے ماں کو قتل اور بیٹی کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او شاہد تاج نے بتایا کہ مقتولہ مکان کی پہلی منزل پر رہائش پذیر تھی جبکہ نیچے گراؤنڈ فلور پر بھی کرایہ دار رہتے ہیں۔

مقتولہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس کی اہلیہ اور بچے یہاں رہتے تھے، مقتولہ کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھا، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا خول ملا ہے۔

پولیس علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے اور جلد ہی قتل کا معمہ حل کرلیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں