ٹیکس ریونیو ہدف 107 ارب 2 کروڑ 52 لاکھ روپے مقرر

آئندہ سال کا ہدف گزشتہ مالی سال کے ابتدائی تخمینے 91 ارب 37 کروڑ سے 14.62 فیصد زائد ہے


Business Reporter June 14, 2014
بجلی پر ٹیکس سے4 ارب، انفرااسٹرکچر سیس 25 ارب، خدمات سے 49 ارب وصول کیے جائینگے۔ فوٹو: فائل

سندھ بجٹ 2014-15 میں صوبائی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 107ارب 2کروڑ 52لاکھ روپے رکھا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی تخمینے 91ارب 37کروڑ روپے سے 14.62 فیصد زائد ہے۔

مالی سال 2013-14 میں نظرثانی ٹیکس وصولیاں 89 ارب 22 کروڑ روپے رہیں۔ صوبائی ٹیکس وصولیوں میں 17 ارب روپے کا اضافہ، بجلی پر ٹیکس کے ذریعے 4 ارب، انفرااسٹرکچر سیس کے ذریعے 25 ارب، خدمات پر سیلز ٹیکس سے 49 ارب، اسٹمپ ڈیوٹی سے 9.82 ارب، موٹروہیکل سے 5.16 ارب، ایکسائز کے ذریعے 3.825 ارب، پراپرٹی ٹیکس سے 4.8 ارب وصول کیے جائیں گے۔ مالی سال 2013-14 میں زراعت سے ہونے والی آمدن پر 50 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا گیا آئندہ سال زرعی آمدن سے 60 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جائیگا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق مالی سال 2014-15کیلیے براہ راست ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ مالی سال 2013-14 کے 8 ارب 30 کروڑ روپے کے نظرثانی تخمینے کے مقابلے میں 9 ارب 90 کروڑ روپے رکھا گیا ہے جبکہ بالواسطہ ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ 56ارب 68 کروڑ روپے کے مقابلے میں 67 ارب 81 کروڑ 32 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ مالی سال 2014-15 کے دوران انٹرٹیمنٹ ٹیکس، ہوٹلز، بجلی، انفرااسٹرکچر سیس، کاٹن فیس اور دیگر متفرق بالواسطہ ٹیکسوں کی مد میں وصولیوں کا تخمینہ 29 ارب 31 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال ایگری کلچر پر ٹیکس وصولیوں کا ہدف 60 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ مالی سال 2013-14 میں ایگری کلچر کے شعبے سے 50 کروڑ روپے کا انکم ٹیکس وصول کیا گیا۔ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں آئندہ مالی سال 4 ارب 80 کروڑ روپے وصول کیے جائیں گے۔ مالی سال 2013-14 کے دوران پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے وصول کیے گئے جو 4 ارب 50 کروڑ روپے کے ابتدائی تخمینے سے 50 کروڑ روپے کم رہیں۔

لینڈ ریونیو کی مد میں 60 کروڑ،پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 40 کروڑجبکہ غیرمنقولہ اثاثوں سے 3 ارب 50 کروڑ روپے کی وصولیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ خدمات پر صوبائی سیلز ٹیکس کی مد میں 49 ارب، ایکسائز کے ذریعے 3 ارب 82 کروڑ 25 لاکھ، اسٹمپ ڈیوٹی کے ذریعے وصولیوں کا تخمینہ 8 ارب 82 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ موٹروہیکل ٹیکس کے ذریعے آئندہ مالی سال 5 ارب 16 کروڑ،انٹرٹیمنٹ ٹیکس کی مد میں 4 کروڑ 20 لاکھ، انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 25 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔