لاہور؛ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والا فائرنگ سے زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 14 اپريل 2024
دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عامر عرف تانبا کے گھر میں گھس کر ان پر فائرنگ کردی

دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عامر عرف تانبا کے گھر میں گھس کر ان پر فائرنگ کردی

 لاہور: اسلام پورہ گنگا اسٹریٹ میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عامر کے گھر میں گھس کر ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ عامر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں علاج جاری ہے۔

اہل خانہ کے مطابق مقتول عامر عرف تانبا کو پہلے سے قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان

پولیس علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش کر رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ عامر بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملہ میں ملوث تھا۔

پولیس نے بھائی جنید سرفراز کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں کہا گیا کہ دو حملہ آوروں نے عامر کو تین گولیاں ماریں۔ ایک حملہ آور نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا۔

 

واضح رہے کہ بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو 1990ء میں لاہور اور فیصل آباد میں  بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی جس میں 14 پاکستانی شہید ہوگئے تھے۔

سربجیت سنگھ کو 26 اپریل کو لاہورکی کوٹ لکھپت جیل میں ساتھی قیدیوں کی جانب سے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اسے علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سربجیت سنگھ قتل کیس کے ملزمان کو بری کرنے کا حکم

سربجیت پر حملہ کرنے والے قیدیوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی دہشت گرد نے کئی معصوم پاکستانیوں کی جان لی تھی اس لیے انہوں نے اس پرحملہ کیا۔

عامر تانبا اور مدثر پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم سیشن کورٹ نے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے قتل کیس میں ملوث دونوں ملزمان کو بری کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔