سربجیت سنگھ قتل کیس کے ملزمان کو بری کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 دسمبر 2018
ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نےعامرتانبا اور مدثرمنیر کو بری کرنے کا حکم دیا۔ فوٹو: اسکرین گریپ

ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نےعامرتانبا اور مدثرمنیر کو بری کرنے کا حکم دیا۔ فوٹو: اسکرین گریپ

 لاہور: سیشن کورٹ نے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے قتل کیس میں ملوث دو ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سیشن کورٹ نے سربجیت سنگھ کے قتل کیس میں ملوث دو ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نے عامر تانبا اور مدثر منیر کو بری کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ سربجیت سنگھ ’’را‘‘ کا ایجنٹ تھا، بھارتی انٹیلی جنس افسر کا اعتراف

واضح رہے کہ بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو 1990ء میں لاہور اور فیصل آباد میں  بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی جس میں 14 پاکستانی شہید ہوگئے تھے۔

سربجیت سنگھ کو 26 اپریل کو لاہورکی کوٹ لکھپت جیل میں ساتھی قیدیوں کی جانب سے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اسے علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔

سربجیت پر حملہ کرنے والے قیدیوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی دہشت گرد نے کئی معصوم پاکستانیوں کی جان لی تھی اس لیے انہوں نے اس پرحملہ کیا، عامر تانبا اور مدثر پر تھانہ کوٹ لکھپت میں درج مقدے میں 302 کی دفعہ بھی شامل کرلی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔