آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ سے تحقیق کو فروغ دینگے انوشہ رحمن

رقم کا استعمال شفاف وسودمند ہوگا، مستقل سی ای او کیلیے سلیکشن کا عمل حتمی مراحل میں ہے،وزیر مملکت برائے آئی ٹی


Numainda Express June 18, 2014
تمام تحقیقی منصوبوں کا پرفارمنس آڈٹ کیا جا رہا ہے،وزیرمملکت آئی ٹی فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ حکومت آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کے ذریعے اہم اور سودمند تحقیقی منصوبوں کی معاونت جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی عظمت علی رانجھااور آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈکے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کے ذریعے اہم اور سودمند تحقیقی منصوبوں کی معاونت جاری رکھے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی وضع کی گئی اہم ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ آئی سی ٹی آراینڈ ڈی فنڈ کی رقم انتہائی شفاف انداز میں سودمند اور نتیجہ خیز منصوبوں کی تکمیل پر خرچ ہو۔

علاوہ ازیں آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کے انتظامی امور میں بہتری لانے کیلیے مستقل چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) کی تعیناتی کیلیے سلیکشن کا عمل بھی حتمی مراحل میں ہے۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمن نے مزید کہا کہ قبل ازیں بورڈ کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے تحت کمپنی کی معاونت سے جاری تمام تحقیقی منصوبوں کا پرفارمنس آڈٹ کیا جا رہا ہے جس سے ہمیں سابقہ تجربات سے سیکھنے اور نئی ترجیحات مرتب کرنے میں خاصی مدد ملے گی۔

بورڈ نے پہلے ہی فنڈنگ کی ترجیحات کی نشاندہی کی ہوئی ہے جس کے مطابق ٹیکنالوجی انکیوبیٹرز کا قیام ، صنعتی شعبے کی ترویج کے منصوبے اور صنعتی اور علمی شعبہ ہائے زندگی میں باہمی تعاون کو فروغ دینے والے منصوبوں کی معاونت ترجیحی بنیادوں پر کی جائیگی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منصوبوں کو فنڈز کی ترسیل مقررہ اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے اور منصوبوں کی جانچ پڑتال پیشہ ورانہ انداز میں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ قومی آئی سی ٹی آراینڈ ڈی فنڈ کا استعمال تحقیقی میدان میں جدت کو فروغ دینے کیلیے انتہائی سوچ سمجھ کر کیا جائیگا۔ وہ شعبہ جات جس میں پہلے سے ہی دنیا میں تحقیقاتی کام ہوچکا ہے ان کے بجائے نئے تحقیقاتی منصوبوں پر زور دیا جائے گا تاکہ تحقیقی میدان میں ہم جدت کے سفر پر روانہ ہوںاس لیے آئی سی ٹی آر اینڈڈی فنڈ ای۔ سروسز ایپلیکیشنز اور شہریوں سے وابستہ ایپلیکیشنز کی تیاری کے منصوبوں کی خصوصی معاونت کریگا تاکہ ان ایپلیکیشنز کو جدید براڈبینڈ نیٹ ورک کے فروغ کیلیے استعمال میں لایا جا سکے۔