سندھ میں ڈینگی سے پہلی موت کی تصدیق11 سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا
سندھ بھر میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کرچکی ہے
سندھ میں ڈینگی بخار نے خطرے کی گھنٹی بجادی، محکمہ صحت سندھ نے رواں سال کراچی میں ڈینگی سے ہونے والی پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی،سندھ بھر میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کرچکی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں 11 سالہ بچہ امیر حمزہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہوکر جان سے چلا گیا،رواں سال ڈینگی بخار کے سبب رپورٹ کی جانے والی یہ پہلی ہلاکت ہے،امیر حمزہ گزشتہ تین دن سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔
سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی کے پانچ سو سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں،طبی ماہرین بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری پورے آستینوں کا لباس پہنیں،مچھر دانیوں اور مچھر کو دور رکھنے والے لوشن کا استعمال کریں اور گلی و محلے میں پانی بھی جمع نہ ہونے دیں۔
دسری جانب شہری شکوہ کرتے ہیں کہ شہر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے باوجود حکومت مچھر مار اسپرے مہم شروع نہیں کررہی۔