فرانس نے ورلڈ کپ میں گولزکی سنچری مکمل کرلی

فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو 5-2 سے روند کو اگلے راؤنڈ میں قدم رکھ دیئے۔


AFP June 22, 2014
فوٹو: رائٹرز

فرانس نے ورلڈ کپ میں گولزکی سنچری مکمل کرلی اس کے ساتھ ہی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کو 5-2 سے پچھاڑ کر پلیئرز بغاوت کی تلخ یادوں کو بھی دفن کردیا۔ سوئس سائیڈ کا میگا ایونٹ میں سفر دشوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس نے جمعے کی شب دوسرے مقابلے میں سوئٹزرلینڈ کو 5-2 سے روند کو اگلے راؤنڈ میں قدم رکھ دیئے، اس کامیابی کے ساتھ ہی اس کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 100 گول بھی مکمل ہوگئے، فرنچ سائیڈ سنگ میل پر اس وقت پہنچی جب اولیور گراؤڈ نے گیند کو جال میں ڈالا، وہ ہونڈریس کے خلاف میچ میں زیادہ تر بنچ پر ہی بیٹھے رہے تھے، جب انھیں میدان میں اتارا گیا توکوچ کے اعتماد کا بھرپور صلہ دیتے ہوئے 17 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلا دی۔ صرف ایک منٹ بعد کریم بینزیما کے پاس پر مڈ فیلڈر مٹوڈی نے گول کردیا۔ 31 ویں منٹ میں تھوڑا ڈراما ہوا، جب سوئس ڈیفینڈر ڈجورو کے کریم بینزیما سے الجھنے پر فرنچ ٹیم کو ایک پنالٹی دی گئی مگر بینزیما اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔

40 ویں منٹ میں میتھیو ویلبینا نے گیند جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کی برتری 3-0 کردی،کریم بینزیما نے پنالٹی ضائع کرنے کی بھرپور تلافی کرتے ہوئے میچ ختم ہونے سے 17 منٹ قبل گول کردیا، 73ویں منٹ میں موسیٰ سسکو نے ٹیم کو 5-0 کی برتری دلادی، بعد ازاں سوئٹزرلینڈ کی جانب سے بلیرم ڈیزمیلی اور گرینٹ زاکا نے یکے بعد دیگرے گول کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سوئس ٹیم 1992 کے بعد سے فرانس کو شکست نہیں دے سکی ہے، اسے اب ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ پانے کیلیے اپنے آخری میچ میں ایکواڈور کو پچھاڑنا ہوگا۔