ایف بی آر نے 1 لاکھ 20 ہزار ٹیکس چوروں کو نوٹس جاری کردیے

نوٹس کا جواب نہ دینے والے 25 ہزار کے لگ بھگ ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی، ایف بی آر


Irshad Ansari June 23, 2014
نوٹس کا جواب نہ دینے والے 25 ہزار کے لگ بھگ ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی، ایف بی آر فوٹو:فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ایک لاکھ20 ہزار ٹیکس چوروں کو نوٹس جاری کردیے ہیں جبکہ نوٹس کا جواب نہ دینے والوں میں سے 25 ہزار کے لگ بھگ ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عالمی بینک سے پالیسی کریڈٹ ٹو پروگرام لینے کیلیے طے کیا تھا کہ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس نہ دینے والے اور اپنی آمدنی چھپانے والے امیر ترین لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کے تحت رواں مالی سال کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار لوگوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے جبکہ31مارچ تک نوٹسز کا جواب نہ دینے والوں میں سے25 فیصد کے خلاف انتظامی و قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان سے ٹیکس واجبات کی وصولی کیلیے اسیسمنٹ آرڈرز جاری کرکے ریکوریاں کی جائیں گی۔

ایف بی آر کی طرف سے تیار کردہ دستاویز میں بتایاگیا ہے کہ اس مقصد کیلیے عالمی بینک کا جائزہ مشن آئندہ ماہ (جولائی) پاکستان پہنچے گا۔ عالمی بینک کے جائزہ مشن کو پالیسی کریڈٹ ٹو پروگرام کیلیے طے شدہ شرائط پر عملدرآمد کے بارے میں ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک کے ساتھ طے شدہ شرط کے تحت کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ساڑھے 7 فیصد بڑے ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کیلیے نہ صرف منتخب کیا جاچکا ہے بلکہ انکا آڈٹ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور کچھ کیسوں میں تو ریکوریاں بھی کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ رسک بیسڈ آڈٹ بھی کیا جارہا ہے۔