بالی ووڈ میں جگہ بنانا تمنا بھاٹیا کی ایک ’’تمنا‘‘ فلم ’’ہم شکلز‘‘ سے امید لگالی

اداکارہ ری میک فلم ’’ہمت والا ‘‘ کی ناکامی کے بعد دلبرداشتہ تھیں،ساجد خان نے ہمت دی اورسیف علی کیساتھ ہیروئن لے لیا


Net News June 23, 2014
اداکارہ ری میک فلم ’’ہمت والا ‘‘ کی ناکامی کے بعد دلبرداشتہ تھیں،ساجد خان نے ہمت دی اورسیف علی کیساتھ ہیروئن لے لیا فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی اداکارہ تمنا بھاٹیا نے فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کے لیے پراُمید نظر آ رہی ہیں' انھیں فلم ''ہم شکلز'' کی کامیابی ہی میں اپنی کامیابی نظر آ رہی ہے۔

تمنا بھاٹیا نے اس سے قبل بھی ساجد خان ہی کی فلم ''ہمت والا '' میں کام کیا تھا مگر یہ فلم باکس آفس میں ناکام ثابت ہوئی۔ تمنا بھاٹیا نے قبل ازیں تمل اور تیلگو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور پھر ہمت والا ہی سے اپنے ہندی فلمی کیریئر کا آغاز کیا جن میں ان کے مد مقابل ہیرو اجے دیوگن تھے' دراصل یہ فلم اس سے پہلے بننے والی فلم ''ہمت والا '' کا ری میک تھی جس میں جتندر اور سری دیوی مرکزی کردار میں شامل تھے' نئی ری میک فلم ''ہمت والا'' تو بری طرح ناکام ہوئی مگر تمنا بھاٹیا اپنی خوبصورتی کا جادو جگانے میں کامیاب رہی۔

اب ایک مرتبہ پھر وہ ہم شکلز میں جلوہ گر ہیں' اس فلم سے تمنا بھاٹیا کو اپنی کامیابی کی کافی ''تمنا'' ہے اور امید ہے کہ وہ اس فلم سے اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ فلم ہم شکلز گزشتہ دنوں ہی ریلیز ہوئی ہے جس میں تمنا کے علاوہ سیف علی خان' ریتش دیش مکھ' رام کپور' بپاشا باسو اور ایشا گپتا بھی شامل ہیں۔ فرہاد اور ساجد خان کی تحریر کردہ اس فلم کو وشو بھگنانی نے پروڈیوس کیا ہے جس میں 3 ہیرو اور ان کے ہم شکل کے زندگی میں آنے والے نت نئے موڑ دکھائے گئے ہیں۔

اداکارہ تمنا بھاٹیا جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ''چاند سے روشن چہرہ '' سے کیا تھا جو 4 مارچ 2005ء میں ریلیز ہوئی تھی' اسی دوران تیلگو فلم ''سری'' میں تمنا کو کاسٹ کر لیا گیا' اس کے دو سال بعد تامل فلم ''کیڈی'' میں وہ جلوہ گر ہوئیں۔ تمنا بھاٹیا بالی ووڈ کی آنکھوں کا تارا تو نہ بن سکیں مگر تمل اور تیلگو فلم انڈسٹری کی ضرورت ضرور بن گئیں۔

اداکارہ تمنا بھاٹیا کا کہنا ہے کہ تمل اور تیلگو فلم انڈسٹری میں میرے لیے کریڈٹ پر بے شمار کامیاب فلمیں ہیں جہاں پر میری فلم کا بے چینی سے انتظار کیا جاتا ہے ' میں ہالی ووڈ فلمیں کرنا چاہتی ہوں ' اتفاق کی بات ہے کہ کیریئر کا آغاز ہندی فلم سے کیا مگر کامیابی تمل اور تیلگو فلم انڈسٹری سے ملی۔ ہمت والا کی ناکامی سے دلبرداشتہ تھی مگر ساجد خان نے حوصلہ افزائی کی اور اپنے نئے پراجیکٹ میں سیف علی خان کے ساتھ ہیروئن لیا ہے جس کے پہلے وڈیو ''کالر ٹیون '' کو پسند کیا گیا ہے۔ تمنا بھاٹیا نے مزید کہا کہ تمل اور تیلگو فلموں کے بعد اب بالی ووڈ میں جگہ بنانا چاہتی ہوں اور بالی ووڈ میں اچھے رول کرنے کی تمنا ہے۔

مقبول خبریں