حصص مارکیٹ میں تیزی 207 پوائنٹس کا اضافہ

انڈیکس29188 پر پہنچ گیا، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ67 ارب 74 کروڑ روپے بلند


Business Reporter June 27, 2014
انڈیکس29188 پر پہنچ گیا، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ67 ارب 74 کروڑ روپے بلند۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوانسٹی ٹیوشنز کی بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کے باعث دوبارہ تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی29000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہوگئی۔

65 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی67 ارب73 کروڑ 99 لاکھ 38 ہزار631 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ جمعرات کو انسٹیوشنل انویسٹرز کی جانب سے آئل، گیس، بینکنگ سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں نمایاں رہیں جبکہ حکومت پنجاب کے یلوکیب اسکیم کی وجہ سے آٹوموبائل سیکٹر میں بھی تیزی رہی جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا جس سے ایک موقع پر223.48 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 29200 کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس دوران مختلف شعبوں میں پرافٹ ٹیکنگ بھی ہوئی جس سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیزاور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ18 لاکھ39 ہزار229 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ کاروباری دورانیے میں مقامی کمپنیوں کی جانب سے61 لاکھ11 ہزار118 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے2 لاکھ 52 ہزار694 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے54 لاکھ 75 ہزار417 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جو نمایاں تیزی میں معاون ثابت ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 207.19 پوائنٹس کے اضافے سے 29188.53 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 99.23 پوائنٹس کے اضافے سے 20062.17 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 338.49 پوائنٹس بڑھ کر 46684.38 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت26.79 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ91 لاکھ 99 ہزار 980 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ328 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں213 کے بھائو میں اضافہ، 98 کے داموں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔