سکوک مالی مشیر کیلیے آئی سی ڈی پیشکش پر غور کرینگے اسحاق ڈار

سی ای او اسلامی ترقیاتی کارپوریشن خالد محمود سے ملاقات، تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار


Numainda Express June 27, 2014
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی) کے نائب صدر مائیکل مورداسینی کی قیادت میں وفد ملاقات کر رہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی اور نجکاری کا عمل آگے بڑھانے میں اسلامی ترقیاتی کارپوریشن (آئی سی ڈی) کا کردار قابل تعریف ہے، حکومت پاکستان اسلامی ترقیاتی کارپوریشن کیساتھ تعلقات کو فروغ دے کر دوطرفہ تعاون کو بڑھانا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلامی ترقیاتی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد محمود العبوندی اور انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کے وائس پریذیڈنٹ مائیکل مورداسینی سے ملاقاتوں میںکیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 1 ارب ڈالر کے سکوک (اسلامی بانڈز) کے لیے مالیاتی مشیر بننے کیلیے اسلامی ترقیاتی کارپوریشن کی پیشکش کا بغور جائزہ لیں گے اور میرٹ پر فیصلہ ہوگا۔ اس موقع پر اسلامی ترقیاتی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو نے معاشی اشاریوں میں بہتری پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاف و شفاف پالیسی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی کارپوریشن شرعی اصولوں کے مطابق پاکستان میں مزید کام کرنے کی خواہشمند ہے۔ انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کے نائب صدر مائیکل مورداسینی سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلیے متعدد منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی قابل تعریف ہے۔ انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی اس وقت پاکستان میں تین ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہا ہے جن کی مجموعی لاگت 12 کروڑ 48 لاکھ ڈالر ہے جبکہ اس میں انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کا حصہ 10 کروڑ 53 لاکھ ڈالر ہے۔