رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کی نگرانی کیلیے ویجیلنس سیل قائم

سبسڈی ہڑپ کرنے والی مافیا کے خلاف حکمت عملی بھی تیار کرلی، کمال مصطفی


Business Reporter June 27, 2014
عوام کو 2350 آٹمز پر 30 فیصد تک بچت ہوگی، شکایات کیلیے ٹول فری نمبر مخصوص کردیا، انٹرویو۔ فوٹو: فائل

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر خاقان عباسی کی ہدایت پر رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز کی کارکردگی بہتر رکھنے بالخصوص عوام کو معیاری اشیا کی مقررہ قیمت پر فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے خصوصی ویجیلنس سیل قائم کردیے گئے ہیں۔

رمضان میں عوام کو ریلیف پیکیج سے فائدہ پہنچانے کے لیے ویجیلنس اور ری فلنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے جو یوٹیلٹی اسٹورز کی دن رات نگرانی انجام دے گا، یوٹیلٹی اسٹور کی سبسڈی ہڑپ کرنے والی مافیاکے خلاف حکمت عملی تیار کر لی گئی، تمام زونز میں قائم کردہ ویجیلنس سیلز رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز کی کارکردگی کو مانیٹر کرتے ہوئے مصنوعات مافیا کے ہتھے چڑھنے کا تدارک کرینگے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے زونل منیجر کمال مصطفیٰ نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان ریلیف پیکیج کے لیے انتظامات مکمل کرلیے، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 447 ریگولر اسٹورز اور 69 فرنچائزز کے ذریعے عوام کو 2300 سے زائد آٹمز مارکیٹ سے 25 سے 30 فیصد کم قیمت پر فراہم کیے جائیں گے، عوامی شکایات کے ازالے کیلیے ٹول فری نمبر 0800-05590 مخصوص کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی خاقان عباسی کی خصوصی ہدایت ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر فروخت کی جانیوالی اشیا کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے، کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، بدین اور گوادر میں 447 ریگولر اسٹورز اور 69فرنچائز اسٹور قائم ہیں جبکہ کراچی میں ریگولر اسٹورز کی تعداد 169 اور فرنچائزز کی تعداد 52 ہے، کراچی میں 20 سپراسٹورز بھی قائم ہیں، رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز پر پڑنے والے دبائو کو پیش نظر رکھتے ہوئے افرادی قوت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

رواں سال مجموعی طور پر کچن سے متعلق 2350 آئٹمز پر رعایت دی جارہی ہے جن سے عام صارف کو 25سے 30 فیصد بچت ہوگی، یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا 34 روپے کلو، گھی 130 روپے کلو، تیل 142 روپے لیٹر، چنے کی دال 62 روپے کلو، مونگ کی دال 152 روپے کلو، ماش کی دال 140 روپے کلو، بیسن 70 روپے کلو، سفید چنا 92 روپے کلو، باسمتی چاول 120 روپے کلو، ٹوٹہ چاول 55 روپے کلو، چینی 49 روپے کلو جبکہ معیاری و پیک شدہ 500 گرام کھجور 80 روپے اور روح افزا کی بوتل 130 روپے میں فروخت کی جائیگی، رمضان کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز صبح 10 بجے سے 9 بجے تک خدمات فراہم کریں گے، تمام اسٹورز پر اضافی عملہ فراہم کردیا گیا ہے۔