ورلڈ کپ پر سٹے بازی میں ملائیشیا سے200 افراد گرفتار

مکاؤ ، سنگاپور اور تھائی لینڈ میں بھی پولیس نے ہزاروں جواریوں کو دھر لیا


Sports Desk/AFP June 28, 2014
زیر حراست افراد میں شامل 4 مبینہ طور پر ایسے گروپ کے رکن ہیں جس نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہر روز شرطوں میں 2.3 ملین ڈالر وصول کیے. فوٹو؛ فائل

ملائیشین پولیس نے ورلڈ کپ پر سٹے بازی میں ملوث 200 افراد گرفتار کرلیا ہے جب کہ مکاؤ، سنگاپور اور تھائی لینڈ میں بھی اس قسم کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے ایک آفیشل نے بتایا کہ گروپ روزانہ شرطوں پر 2.3 ملین ڈالر حاصل کررہے تھے، فیڈرل کرائم انویسٹی گیشن ڈپٹی ڈائریکٹر مزلان منسور نے کہاکہ زیر حراست افراد میں شامل 4 مبینہ طور پر ایسے گروپ کے رکن ہیں جس نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہر روز شرطوں میں 2.3 ملین ڈالر وصول کیے،ایشیا پیسفیک ریجن میں نیٹ ورکس سے وابستہ ایک گیمبلنگ ویب سائٹ کے 12 سرورز دارالحکومت کوالا لمپور میں چھاپوں میں قبضے میں لیے گئے، مزلان نے بتایا کہ برازیل میں 12 جون کو ورلڈ کپ کی ابتدا کے ساتھ 194 افراد کو گرفتار کیاگیا، ان میں زیادہ تر مرد ہیں،آئندہ ماہ میگا ایونٹ کے اختتام تک پولیس مزید افراد کو گرفتار کرے گی، جرم ثابت ہونے پر انھیں پانچ برس جیل کی سزا ہوگی ۔

پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں پولیس نے ورلڈ کپ پر غیر قانونی سٹے بازی پر 1 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لینے کے ساتھ 5 لاکھ 25 ہزار مالیت کی سٹے کی پرچیاں بھی تحویل میں لی تھیں ۔ ان افراد میں ایک کا تعلق ملائیشیا سے تھا، ایک مکاؤ کا باشندہ اور 2 ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی دھر لیے گئے ۔ رواں ہفتے ہی سنگاپور پولیس نے بتایا تھا کہ اس نے شہر میں گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جنھوں نے غیرقانونی شرطوں پر 641 ہزار ڈالر وصول کیے تھے ۔

مکاؤ میں پولیس نے ایک غیر قانونی جوئے کے اڈے کو ختم کیا جس نے ایک ہفتے میں ورلڈ کپ شرطوں پر لگائے گئے 645 ملین ڈالر وصول کیے، اس میں ایک ہی شرط 5.1 ملین ڈالر کی تھی ۔ آپریشن کے دوران 22 افراد گرفتار کیے گئے،اسے پولیس نے ایشین سٹے بازی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا تھا ۔ 2010 کے ورلڈ کپ میں چین، ملائیشیا، سنگاپور اور تھائی لینڈ کی پولیس نے غیر قانونی سٹے بازی پر 5 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا تھا ۔ ایک ماہ پر مشتمل آپریشن میں پولیس نے 800 سے زائد جوئے کے اڈوں پر چھاپہ مار کر شرطوں پر لگی 155 ملین ڈالر سے زائد رقم قبضے میں لی تھی ۔