پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے 20 ہزار بوتل خون فوج کو عطیہ کردیں بلاول بھٹو

عوام دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب اور فوج کی حمایت کریں، بلاول بھٹو


INP June 28, 2014
خراب ہوجانیوالے خون کی بوتلیں انتہائی محفوظ طریقے سے تلف کردیں، ترجمان پیپلزپارٹی۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت پر عطیہ کیے گئے خون کی20 ہزار بوتلیں فوج کو عطیہ کردی ہیں، عوام آپریشن ضرب عضب اور فوج کی حمایت کریں۔

جمعے کو سوشل ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹوئیٹ میں بلاول نے کہا کہ پوری قوم متحد ہوکر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرے اور فوج کا بھرپور ساتھ دے۔ بلاول نے فریال تالپور کے اس بیان کی بھی تائید کی کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔

ادھر پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ وہ بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت پر خون کے عطیات دینے والے تمام افراد کی شکرگزار ہیں۔ اس موقع پرعطیہ خون کی45 ہزار بوتلیں اکٹھی ہوئیں جوملکی تاریخ میں خون کے عطیے کا ریکارڈ ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہاکہ خراب خون کی بوتلوں کو انتہائی محفوظ طریقے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق دفن کردیا گیا۔