گورنر سندھ کا صوبے میں شجر کاری مہم شروع کرنے کا اعلان
فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مہم کا آغاز یکم اگست سے ہوگا، کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یکم اگست سے صوبے بھر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے فیضان گلوبل ریلیف فاﺅنڈیشن کے 6 رکنی وفد نے فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حاجی عبدالحبیب عطاری کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دعوت اسلامی کی مذہبی و فلاحی سرگرمیوں، شجر کاری مہم سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دعوت اسلامی کی مذہبی خدمات کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیاں بھی شاندار ہیں۔ گورنر اینیشیٹو کے تحت صوبہ بھر میں یکم اگست سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا جائے گا، اس مہم میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کا اشتراک بھی شامل ہوگا۔
وفد نے گورنر سندھ کے فلاحی منصوبوں کو معاشرے کے لئے سنگ میل قرار دیا۔ عبدالحبیب عطاری نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اب تک تین ملین پودے لگا چکے، چاہتے ہیں کہ اس شجر کاری مہم سے ہی یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز بھی ہو۔