1 لاکھ 20 ہزار افراد کو ٹیکسٹائل میں تربیت دی جائیگی عباس آفریدی

4 ارب 40 کروڑ مختص، مرد وعورتیں شامل، 8 ہزار ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا، منصوبہ 5 سال میں مکمل ہوگا


Numainda Express June 30, 2014
مقصد صنعت کیلیے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی وپیداواری معیار بہتر کرنا ہے، وفاقی وزیر ٹیکسٹائل۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر ٹیکسٹائل عباس خان آفریدی نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سال کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار مردوں اور عورتوں کو ٹیکسٹائل کے شعبے کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائیگی جس کا بنیادی مقصد ٹیکسٹائل کی ملکی صنعت کیلیے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنانا اور پیداواری معیار میں بہتری لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلیے 4 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے دوران زیر تربیت افراد کو ماہانہ آٹھ ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے حصول کے بعد نوجوانوں کو روز گار کے حصول میںمدد حاصل ہوگی جبکہ اس سے ٹیکسٹائل کے شعبے کیلیے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی جس سے شعبے کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور مصنوعات کے معیار میں بہتری کے ذریعے ملکی برآمدات کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے گا جس سے ملکی معیشت کے استحکام میںمدد ملے گی۔