پی ایس ایل10 انگلینڈ نے میزبانی سے انکار کردیا

فرنچائز کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اہم غیرملکی پلیئرز پاکستانی لیگ سے باہر ہو سکتے ہیں


سلیم خالق August 06, 2024

انگلینڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے میچز کی میزبانی سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل پی سی بی نے پی ایس ایل 10 کے پلے آف میچز اور فائنل کسی دوسرے ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا گیا، فرنچائز مالکان نے جب اخراجات وغیرہ کا استفسار کیا تو انھیں بتایا گیا کہ ایک آفیشل وہاں جا کر معاملات کا جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: آئی پی ایل، پی ایس ایل تصادم! کاؤنٹی کلبز بھی پریشان

ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں اونرز کو آگاہ کر دیا گیا کہ انگلینڈ نے میزبانی سے انکار کر دیا ہے، ای سی بی نے اس کی وجہ اپنے میدانوں کا خالی نہ ہونا بیان کی، بعض پی سی بی آفیشلز اب میچز یو اے ای میں کرانے کی تجویز دے رہے ہیں، البتہ مئی میں وہاں ناقابل برداشت گرمی ہوتی ہے، ایسے موسم میں مقابلے کرانا دشوارہوگا۔

مزید پڑھیں: آئی پی ایل 2024: کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

پی ایس ایل 10 کے لیے دس اپریل سے 25 مئی کی مجوزہ تاریخیں سامنے آئی ہیں،انہی دنوں انڈین پریمیئر لیگ بھی جاری ہوگی، فرنچائز کو خدشہ ہے کہ اس وجہ سے اہم غیرملکی پلیئرز پاکستانی لیگ سے باہر ہو سکتے ہیں، انھوں نے نویں ایڈیشن کے منافع سے حصہ نہ ملنے و دیگر امور پر کچھ عرصے قبل ایک خط بھی تحریر کیا تھا جس کا بی سی بی کی جانب سے اب تک جواب ہی نہیں دیا گیا۔

البتہ حال ہی میں ایک سینئر آفیشل نے اونرز سے فون پر گفتگو ضرور کی، اس میں ان سے جلد گورننگ کونسل میٹنگ طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں