کمشنر کا سبزی اور پھلوں کی قیمت اپنی زیر نگرانی مقرر کرانے کا فیصلہ

قیمتوں میں اضافے کی شکایات ملیں تاہم اگلے2دن میں قیمتیں مستحکم رہیں،افسران اورنمائندوںکااجلاس سحری تک جاری رہا


Staff Reporter July 05, 2014
مجسٹریٹ ناجائزمنافع خوروں سے نرمی نہ کریں،مہنگے پھلوں کی فروخت اور مارکیٹ کمیٹی کیخلاف شکایات مل رہی ہیں، شعیب صدیقی۔ فوٹو: فائل

ماہ رمضان میں سبزیوں اور پھلوں کی مہنگے داموں فروخت پر کمشنر کراچی نے شکایات کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کی شب ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

رات 2 بجے افسران، صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ سبزی منڈی کا دورہ کیا جو سحری تک جاری رہا، اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمشنر کراچی نے سبزی منڈی میں قیمتیں اپنی نگرانی میں مقرر کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اجلا س میں متعلقہ ا فسران ، صارفین کی انجمنوں کے نمائندوں، سبزی منڈی کے تاجروں ، مارکیٹ کمیٹی کے ارکان اور سول سوسائٹی اور صحافیوں کے نمائندوں پر مشتمل ٹاسک فورس کے ارکان نے اجلاس میں شرکت کی، افسران نے ماہ رمضان میں سبزی اور پھلوں کی مناسب قیمتوں پر فراہمی اور مارکیٹ کمیٹی کی ہر روز مقرر کی جانے والی قیمتوں کو کنٹرول کر نے کی تفصیلات بتائیں۔

اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، ان کوششوں کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور لوگوں کو شامل کیا گیا ہے اور سب کے تعاون اور اشتراک سے قیمتوں کو کنڑول کرنے کی حکمت عملی تیا ر کی ہے، پہلے روز قیمتوں میں اضافے کی شکایات ملیں تاہم اگلے 2 روز کے دوران قیمتیں مستحکم رہیں۔

مختلف ذرائع سے انھیں سبزیوں اور فروٹس کی مہنگائی کی شکایت مل رہی ہیں، مجسٹریٹس ناجائز منافع خوروں کے خلاف کسی بھی نرمی کا مظاہر ہ نہ کریں، ہر علاقے میں اچانک چھاپے مارے اور ان ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروئی کریں، انتظامیہ روزانہ جو سرکاری نرخ نامہ جاری کرے اس پر شہریوں کو سبزی اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے، اجلاس میں مارکیٹ کمیٹی کے خلاف شکایات اور مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی عدم شرکت کا نوٹس لیا گیا۔

مقبول خبریں