آلو کی بڑے پیمانے پر درآمد کے باوجود قیمت 50 روپے فی کلو سے کم ہونے کا امکان نہیں

چین 28 اور بنگلہ دیش سے 12کنٹینرز آلو درآمد، محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے این او سی کی وجہ سے پورٹ پرکلیئرنس میں تاخیر


Business Reporter July 07, 2014
بھارت سے اب تک 80ہزار ٹن خریدا جاچکا، آلو300ڈالر فی ٹن قیمت پر منگوایا گیا، منڈی میں تھوک پر40 تا 45، خوردہ سطح پر50روپے کلو فروخت ہوگا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

آلو کی قلت دور کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ چین اور بنگلہ دیش سے بھی درآمد تیز کردی گئی ہے۔

آلو کے درآمد کنندگان کے مطابق چین اور بنگلہ دیش سے آلو کی ایک بڑی کھیپ درآمد کرلی گئی ہے، جو آئندہ 2روز میں مارکیٹ پہنچ جائیگی اور مقامی سطح پر قیمتوں میں فی کلو 20روپے تک کمی واقع ہوگی تاہم ریٹیل نرخ 50 روپے کلو سے کم ہونے کا امکان نہیں۔ درآمد کنندگان کے مطابق چین سے 28کنٹینرز اور بنگلہ دیش سے 12کنٹینرز آلو درآمد کیے گئے ہیں جن کی کلیئرنس میں ایگزامنیشن کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے، مجموعی طور پر 40کنٹینرز 5روز سے پورٹ پر رکے ہوئے ہیں جن کی کلیئرنس پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے این او سی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

درآمد کنندگان کے مطابق ملک میں آلو کی قلت اور رمضان میں طلب کے پیش نظر آلو کی کنسائنمنٹ کو ہنگامی بنیادوں پر چند گھنٹوں کی جانچ کے بعد کلیئر کیا جاسکتا ہے لیکن 40کنٹینرز کی کلیئرنس میں 5روز لگا دیے گئے جس سے مارکیٹ میں منافع خوری کے رجحان کو تقویت حاصل ہوئی۔

درآمد کنندگان کے مطابق چین اور بنگلہ دیش سے آلو ریفرکنٹینرز میں درآمد کیے گئے ہیں، آلو میں کسی قسم کا پیسٹ ہونے کی صورت میں زیادہ ٹمپریچر کی وجہ سے ختم ہوجاتا ہے، اس کے باوجود پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے این او سی دینے میں تاخیر کی جا رہی ہے، اس کے برعکس بھارت سے براستہ واہگہ بارڈر آلو کو بلارکاوٹ پاکستان میں ترسیل کی اجازت دی جارہی ہے، بنگلہ دیش کا آلو ذائقے اور بناوٹ میں پاکستانی آلو کی طرح ہے کیونکہ دونوں ملکوں میں آلو کی کاشت کے لیے ایک ہی بیج استعمال ہوتا ہے۔

چین کا آلو پاکستانی آلو سے مختلف ہے، چین اور بنگلہ دیش سے آلو 300ڈالر فی ٹن قیمت پر درآمد کیا جارہا ہے جو کراچی سبزی منڈی میں تھوک کمیشن ملاکر 40سے 45روپے میں فروخت ہورہا ہے اور خوردہ سطح پر باآسانی 50روپے کلو فروخت کیا جاسکتا ہے، بھارت سے اب تک 80ہزار ٹن سے زائد آلو درآمد کیا جاچکا ہے تاہم بھارتی آلو کراچی منڈی تک نہیں پہنچ پارہا۔درآمد کنندگان کے مطابق چین سے آلو کی درآمد میں مزید تیزی آئے گی اور ہفتہ وار بنیادوں پر 30سے 40کنٹینرز آلو درآمد کیے جائیں گے جس سے مقامی سطح پر آلو کی قیمت میں استحکام آئے گا۔ واضح رہے کہ مقامی سطح پر آلو 60سے 70روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔