ایئرپورٹ حملہ دہشت گردوں کے ساتھی کا خاکہ جاری

دہشت گرد کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے کو انعام دیا جائے گا،پولیس


Staff Reporter July 11, 2014
دہشت گرد کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے کو انعام دیا جائے گا،پولیس ۔ فوٹو : فائل

FAISALABAD: تفتیشی حکام نے کراچی ایئر پورٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے اہم ساتھی کا خاکہ جاری کرتے ہوئے انعام کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے پرانے ٹرمینل پر دہشت گرد حملے کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد تفتیشی حکام نے واقعے کے مختلف عینی شاہدین کی مدد سے دہشت گردوں کے ایک اہم ساتھی کا خاکہ تیار کر لیا ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد نے ایئر پورٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو موبائل سمیں فراہم کی تھیں، ایس ایس پی ایسٹ زون ٹو ڈاکٹر سید عباس رضوی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ خاکہ دہشت گردوں کے اہم ساتھی کا ہے، انھوں نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد کے بارے میں اطلاع یا کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے والے افراد کو معقول انعام دیا جائے گا جبکہ ان کے نام بھی صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد کے بارے میں کوئی بھی معلومات فون نمبر (99248987) پر فراہم کی جا سکتی ہیں، انھوں نے بتایا کہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، لاش عدم شناخت پر ایدھی سرد خانے میں رکھی ہوئی ہے ، انھوں نے بتایا کہ تفتیشی پولیس نے ڈی این اے ٹیسٹ کے رپورٹ سے متعلق گزشتہ روز بھی متعلقہ حکام کا خط ارسال کیا ہے اور ڈی این اے رپورٹ آنے اور شناخت کے عمل کے بعد مذکورہ لاش ورثا کے حوالے کردی جائے گی،انھوں نے بتایا کہ پرانے ٹرمینل پر دہشت گرد حملے کی تفتیش جاری ہے اور دوران تفتیش پولیس کو اہم شواہد بھی ملے ہیں تاہم اس وقت کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔