اولیا سے ملنے والا انسانیت کا پیغام پھیلا رہا ہوں ہنس راج

مذہب اسلام محبت سے مالامال ہے اور رمضان کی برکتوں کی بدولت سب کومحبت کا پیغام عام کرنا چاہیے، گلوکار


Qaiser Iftikhar July 12, 2014
پاک،بھارت تعلقات میں مزید بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں، ہنس راج ہنس۔ فوٹو:فائل

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہنس راج ہنس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحتموں کے نزول کا مہینہ ہے۔

مذہب اسلام محبت سے مالامال ہے اور اس ماہ کی برکتوں کی بدولت سب کومحبت کا پیغام عام کرنا چاہیے اور سچ بولنے کی عادت کواپنانا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار ہنس راج ہنس نے ''ایکسپریس''سے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں ماہ رمضان کا بڑا احترام کرتا ہوں اور اس ماہ کوبڑے احترام کے ساتھ مناتا ہوں۔ یہ مبارک مہینہ انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ اس ماہ میں جوبھی دعائیں مانگی جاتی ہیں وہ قبول ہوتی ہیں۔

جہاں تک میری بات ہے تومیں ایک حقیراورفقیرساانسان ہوں ' میں اولیاء کرام کا ماننے والا ہوں اوران کی طرف سے ملنے والا انسانیت کا پیغام اپنے میوزک کے ذریعے پوری دنیا میں پہنچا رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس مبارک مہینے میں پاکستان اوربھارت کے تعلقات میں مزید بہتری کے لیے بھی خصوصی دعائیں کرنی چاہیے ہیں۔ اس خطے میں امن اورہماری ترقی کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ مجھے امید ہے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں اس خطے میں امن ہوگا اورہم مل کرمثالی کام کرتے ہوئے ترقی کی نئی راہوں کی جانب گامزن ہونگے۔