’’بیک ٹو لّو‘‘ نے دھوم مچا دی

لاہور میں لانچنگ کی تقریب میں زبردست پذیرائی، ایکسپریس اور میکڈونلڈ فنکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے:علی رضا


Qaiser Iftikhar July 15, 2014
لاہور میں لانچنگ کی تقریب میں زبردست پذیرائی، ایکسپریس اور میکڈونلڈ فنکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے:علی رضا۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: موسیقی کے میدان میں ہمارے معروف گلوکاروں نے ہمیشہ ہی وطن عزیز کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے ۔

موسیقی کی مختلف اصناف کی جب بات کی جاتی ہے توکلاسیکل، غزل، صوفی ، پاپ اورقوالی کے شعبوں میں نمایاں کام کرنیوالے پاکستان کے لیجنڈز کا تذکرہ کئے بغیر بات آگے نہیں بڑھتی اورجس طرح سے ہمارے لیجنڈز نے اپنے فن کا لوہا منوایا ہے اس کی ایک بھی مثال ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں نہیں ملتی۔ اگرگزشتہ ایک دہائی کے دوران بولی وڈ میں بننے والی فلموں کے میوزک کو دیکھا جائے تو ان میں پاکستانی گلوکاروں کے گائے گیت بہترین نغموں میں سرفہرست نظر آئیں گے۔

ان آوازوں میں ایک نام ایسا ہے جوکسی تعارف کامحتاج نہیں ۔ ان کا خاندان گزشتہ چھ سو برس سے فن قوالی سے وابستہ ہے اوران کے خاندان سے تعلق رکھنے والے گائیکوں نے ہردور میں موسیقی کے میدان میں نمایاں کام کرتے ہوئے نہ صرف اپنی فیملی کا نام روشن کیا ہے بلکہ پاکستان کا سافٹ امیج بھی پوری دنیا میں متعارف کروایا ہے۔ سچے سُروں کے ذریعے لوگوں کے دلوں پرراج کرنیوالے ' شہنشاہ ' کوئی اورنہیں بلکہ ہم سب کے ہر دلعزیز گلوکار استادراحت فتح علی خاں ہیں۔



جنہوں نے پاکستانی میوزک کوکامیابی کی اس بلندی تک پہنچا دیا ہے جس کے بارے میں سوچنا بھی ممکن نہ تھا۔ وہ جس گیت اورغزل کوگا دیتے ہیں وہ ہمیشہ کے لیے امر ہوجاتی ہے۔ اس کی بہترین مثال ہم بولی وڈ فلموں کے گیتوں سے بھی دے سکتے ہیں کہ جب سے راحت فتح علی خاں نے بولی وڈ فلموں کیلئے گانا شروع کیا اس کے بعد سے بھارتی فلموں میں بطورپلے بیک سنگرراج کرنے والے اکثر گلوکاروں کوگھر بیٹھنا پڑگیا۔ یہی نہیں راحت کے گائے گیت اب بولی وڈفلموں کی کامیابی کی ضمانت بن چکے ہیں اوراسی لئے جب تک کسی فلم میں ان کا گایاگیت شامل نہ ہوتوشائقین کو مایوسی کا سامنا رہتا ہے۔

جہاں تک بات پاکستان میں میوزک کے ذوال کی ہے تواس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ ملکی حالات کی وجہ سے پاکستان میں میوزک انڈسٹری شدید بحران سے دو چار ہے لیکن اس بحرانی صورت حال میں بھی جب راحت فتح علی خاں نے اپنے میوزک البم ''بیک ٹولو'' کو ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اور ''میکڈونلڈپاکستان'' کے اشتراک سے ریلیز کیا توراتوں رات اس البم نے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ میوزک چینل چارٹس ہوں یا سوشل میڈیا کی ویب سائٹس ہر طرف راحت فتح علی خان کے البم کے چرچے ہیں ۔

 



دوسری جانب 'ایکسپر میڈیا گروپ' نے اس عظیم گلوکار کے البم کی بھرپور تشہیری مہم چلائی اور ' میکڈونلڈ پاکستان' سے البم کی سی ڈی کی ریکارڈ سیل ہوئی جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اچھی اور معیاری موسیقی سننے والے 'بیک ٹولو' کے دیوانے بن چکے ہیں۔البم کی تشہیری مہم کا سلسلہ جاری ہے اورملک بھر میں راحت فتح علی خاں کے پرستار ان کے گیت سننے کیلئے البم خریدرہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ' ایکسپریس میڈیا گروپ ' اور'میکڈونلڈ پاکستان' کی جانب سے ایسے تین لوگوں کا ڈرا کے ذریعے انتخاب کیاجانا تھا جو راحت فتح علی خاں کے برطانیہ میں ہونے والے میوزک کنسرٹس میں ان کے ہمراہ جائیں گے اوران کے تمام اخراجات 'ایکسپریس میڈیا گروپ' اور'میکڈونلڈ' برداشت کرے گا۔

پہلے مرحلے میں کراچی سے ایک خوش نصیب منتخب ہوا تھا جبکہ تین روزقبل لاہور میں لکی ڈرا کیا گیا۔ اس موقع پرلاہور سے تعلق رکھنے والے ایم حسن علی قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب قرار پائے تھے۔ اس کے علاوہ تیسرے خوش نصیب کا ڈرا اسلام آباد میں کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ لاہور ڈیفنس میں جونہی راحت فتح علی خاں میکڈونلڈ میںداخل ہوئے توخواتین اوربچوں کی کثیرتعداد نے اپنے پسندیدہ گلوکار کا بھرپور انداز سے استقبال کیا، ان سے آٹوگراف لئے اور تصاویربھی بنوائیں جبکہ راحت فتح علی خاں نے اپنے البم کے گیت بھی سنائے۔ اس موقع پرمیکڈونلڈ کے اسٹنٹ ڈائریکٹرمارکیٹنگ رضاعلی سمیت دیگربھی موجود تھے۔

لکی ڈراکے بعد ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خاں نے بتایاکہ میرے البم کوزبردست رسپانس مل رہا ہے۔ مختصر عرصہ کے دوران دس ملین کے قریب لوگوں نے البم خریدا ہے جواس سے پہلے نہیں ہوا۔ اس البم کی کامیابی سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ پاکستان میں اچھا میوزک سننے والے ابھی بھی کثیرتعداد میں موجود ہیں اوروہ اچھا میوزک ہی پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے اس پراجیکٹ کوملک کے کونے کونے تک پہنچانے میں ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اور ''میکڈونلڈ'' کی ٹیم نے بہت محنت کی ہے۔ میرا یہ تجربہ بہت اچھا رہا ہے اورمیں آئندہ بھی اسی طرح اپنے البم ' ایکسپریس میڈیا گروپ ' اور' میکڈونلڈ 'کے تعاون سے ریلیزکرتا رہوں گا۔



راحت فتح علی خاں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اور'میکڈونلڈ' کے تعاون سے اپنے البم کو لانچ کررہے ہیں۔اس کے لئے 25روزہ تشہیری مہم تیار کی گئی تھی جس کے تحت میکڈونلڈ میلز کے ساتھ نئے البم ''بیک ٹو لو'' کی سی ڈی دی جانی تھی جبکہ اس کے ساتھ ملنے والے انعامی کوپن کی قرعہ اندازی میں تین خوش نصیبوں نے میرے ساتھ برطانیہ کا دورہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ اور میکڈونلڈ کے منتظمین اس البم کی کامیابی اورلوگوں کے بہتر رسپانس پرمبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کی ٹیم نے جس طرح سے شب وروز محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے 'بیک ٹو لو' کولوگوں تک پہنچایا ہے ، یہ ان کے بغیرممکن نہ تھا۔ ہم آئندہ ماہ 24اگست کوبرطانیہ کے شہرلندن کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ہال ویمبلے ایرینا میں ہونے والے میوزک کنسرٹ میں اپنے تین خوش نصیب دوستوں کے ہمراہ جائیں گے۔

اس موقع پرہونے والے تمام اخراجات ہم خود برداشت کرینگے ۔ اس سے پہلے پاکستان میں ایسا کبھی نہیں ہواکہ ایک میڈیا گروپ اورمیکڈونلڈ جیسا انٹرنیشنل برانڈ کسی گلوکارکی البم کوسپورٹ کرے۔ لیکن ہمارے لئے یہ تجربہ بہت اچھا جا رہا ہے ۔ میکڈونلڈ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے جبکہ 'ایکسپریس میڈیا گروپ' پاکستان کا لیڈنگ میڈیا گروپ ہے۔ ایک طرف نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینلز بھرپوراندازسے لوگوں کوباخبر رکھنے کے ساتھ محظوظ کررہے ہیں جبکہ 'روزنامہ ایکسپریس' اور 'ایکسپریس ٹریبیون' بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ اس لئے میں اورمیری ٹیم بے حد خوش ہیں کہ ہم نے پاکستانی میوزک کی بحالی کے لیے قدم بڑھاتے ہوئے جو البم بنایا اس کومقبول عام کرنے والے 'ایکسپریس میڈیا گروپ' اور 'میکڈونلڈ پاکستان' نے اہم کردارادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے البم کو جس طرح سے پذیرائی مل رہی ہے۔

اس پر میں اپنے پرستاروں کا بھی بے حد شکرگزارہوں جو مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں یہ انہی کی محبت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ بولی وڈ سے لے کر بین الاقوامی میوزک انڈسٹری تک کامیابیاں میرے قدم چوم رہی ہے۔کسی بھی فنکار کے لیے پرستار ہی اس کا اثاثہ ہوتے ہیں اور میں بھی ان خوش نصیبوں میں سے ایک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ البم ''بیک ٹو لو'' پرکافی عرصہ سے کام کر رہا تھا مگر مصروفیت کے باعث اسے ریلیز کرنے کا موقع نہیں مل پارہا تھا۔ میری کوشش تھی کہ البم جب بھی ریلیزہو تواس میں ہر عمر کے لوگوں کی پسند کے مطابق میوزک شامل ہو۔ ''بیک ٹو لو'' کے لئے اپنے قریبی دوستوں میاں یوسف صلاح الدین اورمیوزک ڈائریکٹر ساحرعلی بگا کامشکورہوں کہ جنہوں نے اس البم میں شامل گیتوں کی شاعری اوردھنوں کوترتیب دینے میں میرا ساتھ دیا۔



دوسری جانب میکڈونلڈ کے اسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ رضا علی کا کہنا تھا کہ استاد راحت فتح علی خان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ان کے گیت پوری دنیا میں مقبول ہیں اوراس البم کو زبردست رسپانس ملا ہے۔ میکڈونلڈ میں آنے والے کسٹمرز کی کثیر تعداد نے راحت فتح علی خاں کی البم کوخریدا ہے اوراس منفرد پراجیکٹ کی تعریف کی ہے۔ ہم اسی طرح اپنے ملک کے قیمتی فنکاروں کی سپورٹ کے لیے آگے بڑھتے رہیں گے ۔ انہوں نے بتایاکہ 'میکڈونلڈ' اور 'ایکسپریس میڈیا گروپ' کے اشتراک سے ''بیک ٹولو'' نے دھوم مچارکھی ہے۔ ہم نے اس البم کوزبردست انداز سے مارکیٹ کرنے کے لیے ایک ڈیل تیارکی تھی جس کے ذریعے ہرخریدارکوالبم کی سی ڈی دی جارہی ہے۔

چند ہی دنوں میں اس البم کی لاکھوں سی ڈیزمیکڈونلڈ ڈیل کے ساتھ چلی گئیں۔ ایک بات توطے ہے کہ میکڈونلڈ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی بہت مقبول ہے۔ تمام عمر کے لوگ میکڈونلڈ کوپسندکرتے ہیں ۔ ماہ رمضان میں بھی یہ سلسلہ معمول کی طرح جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ہم نے استاد راحت فتح علی خاں سے ان کے البم کولانچ کرنے کیلئے معاہدہ کیا توانہوں نے مثبت رسپانس دیا۔ ہم نے پہلا لکی ڈراکراچی میں کیا تھا ۔

جس کی قرعہ اندازی میں ڈاکٹر سعدیہ منتخب ہوئی تھیں جبکہ لاہورمیں ایم حسن علی منتخب ہوئے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ہم اسلام آباد جائیں گے اورپھروہاں سے منتخب ہونے والے خوش نصیب کوراحت فتح علی خاں کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کے لیے ویزہ اورٹکٹ سمیت دیگراخراجات بھی برداشت کریں گے۔ انہوں نے آخرمیں کہا کہ میکڈونلڈ پاکستان اورایکسپریس میڈیا گروپ فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج متعارف کروانے والے فنکاروں اورگلوکاروں کی سپورٹ کے لیے ہمیشہ اپنا پلیٹ فارم فراہم کرتا رہے گا۔