دلیپ کمار کے آبائی گھر کو ثقافتی ورثہ قرار دینے پر پاکستان کا شکریہ

یہ زندگی کا یادگار لمحہ ہے، اداکار، پشاور کے گھر کا سن کر آبدیدہ ہوگئے، اہلیہ سائرہ بانو


APP July 17, 2014
آبائی گھر میں منعقدہ تقریب میں ضرور شریک ہونگے، یہ کسی اعزاز سے کم نہیں، لیجنڈ اداکار فوٹو: فائل

برصغیر کے معروف اداکار دلیپ کمار نے اپنے آبائی گھر کو ثقافتی ورثہ قرار دینے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیا ہے۔

اس بات کا انکشاف لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اداکار یہ خبر سن کر خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان حکومت نے اس حوالے سے پشاور میں ہی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ہے جہاں یہ آبائی گھر موجود ہے اور ان دونوں کو یہاں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے وہ دونوں ضرور اس تقریب میں شریک ہونگے یہ ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ دونوں پاکستان کی اس کاوش کا خیر مقدم کرتے ہیں اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے جو کہ خوش آئند بات ہو گی۔ سائرہ بانو نے کہا کہ اس گھر سے جڑی دلیپ کمار کی کئی بچپن کی یادیں ہیں، وہ دونوں اس گھر کا بھی خصوصی دورہ کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ ہر سال اس گھر میں پاکستان میں موجود ان کے ہزاروں خیر خواہ ان کی سالگرہ مناتے ہیں یہ باقاعدہ دلیپ کمار کو فون کال کرتے ہیں انھیں نہ صرف سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہیں بلکہ اکثر اوقات خود بھی بھارت کا دورہ کرتے ہیں اور پشاور کے تازہ تر قصوں سے آگاہ کرتے ہیں یہ قصے سن کر دلیپ اور وہ دونوں ہی بے حد محظوظ ہوتے ہیں وہ خوش ہوں گی اگر پاکستان کی طرح بھارت میں بھی ان کی خدمات کو سراہا جائے۔