بڑا سری لنکن اسکوردیکھ کرپروٹیزبیٹنگ لڑکھڑانے لگی

98 پر3وکٹیں گرگئیں، کپتان ہاشم آملہ 46 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں


Sports Desk/AFP July 26, 2014
سری لنکا نے اپنی پہلی اننگ میں مہلا جے وردنے کے 165 رنز کے عوض 421 رنز بنائے تھے۔ فوٹو؛ فائل

کولمبو ٹیسٹ میں بڑا سری لنکن اسکور دیکھ کرجنوبی افریقی بیٹنگ لائن لڑکھڑانے لگی۔

دوسرے دن کا اختتام3وکٹ پر98رنز بنا کر کیا، کپتان ہاشم آملا46کے اسکور پر ڈٹے ہوئے ہیں، قبل ازیں میزبان ٹیم421کا مجموعہ پانے میں کامیاب رہی، مہیلا جے وردنے نے165رنز کی شاندار اننگز سجائی، ڈکویلا نے72رنز بنا کر ساتھ نبھایا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا تباہ کن انداز میں آغاز ہوا، سری لنکن قائد میتھیوز نے دوسرے ہی اوور میں گیند اسپنر رنگانا ہیراتھ کو تھما کر سب کو حیران کر دیا، انھوں نے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے اپنی ہی گیند پرکیچ تھام کرالویرو پیٹرسن (2) کو پویلین بھیج دیا۔

ڈین ایلجر (1) پریرا کو وکٹ کا تحفہ دے کر مہمان ٹیم کی مشکلات مزید بڑھا گئے،شارٹ لیگ پر کیچ سلوا نے لیا، اس وقت مجموعی اسکور13 تھا، فاف ڈوپلیسی اور کپتان ہاشم آملا نے وکٹیں گرنے کا یہ سلسلہ تھاما اور 58رنز کی شراکت بنائی، ڈوپلیسی36رنز پر لکمل کا شکار بنے، گیند بیٹ کو چھونے کے بعد ڈکویلا کے گلوز میں محفوظ ہوئی،کھیل کے اختتام تک آملا (46) اور ڈی ویلیئرز (11) اسکور کو98 تک لے گئے، کپتان کا 2مواقع پر قسمت نے بھی ساتھ دیا،10رنز پر جے وردنے سلپ میں کیچ نہ تھام سکے،34کے اسکور پر کوئے کے وکٹ پر آنے کی وجہ سے وہ کریز سے ہٹ گئے، لکمل کی گیند نے وکٹیں اڑا دیں، بولر نے اپیل کی مگر امپائر نے اسے ڈیڈ بال قرار دے دیا۔

قبل ازیں سری لنکا نے5 وکٹ پر 305 رنز سے نامکمل اننگز شروع کی،140 پر ناٹ آؤٹ مہیلا جے وردنے نے پُراعتماد بیٹنگ جاری رکھی، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈکویلا بھی اچھی فارم میں دکھائی دیے، سنچری شراکت جے وردنے کے رن آؤٹ ہونے سے ٹوٹی،پیٹرسن کے تھرو نے بروقت بیلز اڑا دیں، ڈائیو بھی سری لنکن اسٹار کے کام نہ آ سکی، انھوں نے284 گیندوں پر17چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے165 رنز بنائے، دلروان پریرا12رنز بنا کر عمران طاہر کا پہلا شکار بنے، ڈکویلا 72 پر رن آؤٹ ہوئے، اجنتھا مینڈس (2) اور لکمل (4) کی وکٹیں فلینڈر کو ملیں،سری لنکن اننگز کا421 رنز پر اختتام ہوا، ہیراتھ 7رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اسٹین، فلینڈر اور ڈومنی کو 2،2وکٹیں ملیں۔