پشاور: ریسکیو 1122 اہلکاروں کے لیے پنجاب کے مساوی مراعات دینے کی سفارشات تیار

بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے لیے 72 ہزار 620 روپے خصوصی انکریمنٹ دینے کی تجویز دی گئی


احتشام بشیر February 16, 2025

پشاور:

خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو پنجاب کے برابر مراعات دینے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ محکمہ ریلیف نے اس حوالے سے سفارشات تیار کرکے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کر دی ہیں، ذرائع کے مطابق یہ سفارشات منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

دستاویزات کے مطابق ہنگامی صورتحال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے لیے 72 ہزار 620 روپے خصوصی انکریمنٹ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، دوگنا بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ کی بھی منظوری کی سفارش کی گئی ہے جس کے لیے 17 لاکھ 83 ہزار 566 روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں ریسکیو 1122 کے تمام عملے کے لیے 2022 کے پے اسکیل کے مطابق ایک ماہ کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر رسک الاؤنس میں اضافے کی منظوری دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس خصوصی پیکج کے حوالے سے محکمہ خزانہ سے بھی رائے طلب کر لی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ ان کی انتھک محنت اور خدمات کے اعتراف کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ اگر کابینہ ان سفارشات کی منظوری دیتی ہے تو یہ صوبے میں ریسکیو سروس کے اہلکاروں کے لیے ایک بڑا ریلیف ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں