جنوبی افریقا کو’’ڈرا‘‘ کر کولمبو ٹیسٹ ڈرا پروٹیز کو نمبر ون پوزیشن واپس مل گئی

مہمان ٹیم نے 21 برس بعد آئی لینڈرز کو ان کے ہی میدانوں میں ٹیسٹ سیریز میں1-0 سے ہرادیا،


AFP/Sports Desk July 29, 2014
کولمبو ٹیسٹ: بولڈ ہونے کے بعد جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلجر مایوسی سے وکٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں، سری لنکن وکٹ کیپر ڈکویلا خوشی سے سرشار ۔ فوٹو : اے ایف پی

پروٹیزکو ڈرا کر کولمبو ٹیسٹ ڈرا ہو گیا، مہمان ٹیم کو رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن بھی واپس مل گئی۔

369 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے میچ کے اختتام تک 8 وکٹ پر 159 رنز جوڑے،کوئنٹن ڈی کاک37 اور ورنون فیلنڈر27 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے، رنگانا ہیراتھ کی 5وکٹیں سری لنکا کو سیریز برابر کرانے میں مدد فراہم نہ کر سکیں، بارش نے بھی میزبان ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیرا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے سری لنکا کیخلاف کولمبو ٹیسٹ ڈرامائی مقابلے کے بعد ڈرا کرلیا، جس پر مہمان ٹیم نے 21 برس بعد آئی لینڈرز کو ان کے ہی میدانوں میں ٹیسٹ سیریز میں1-0 سے ہرادیا، ڈرا میچ کے نتیجے میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا سے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کی نمبرون پوزیشن بھی چھین لی،369 رنز کا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم نے میچ کے پانچویں اور اختتامی دن اپنی نامکمل اننگز کو ایک وکٹ 38رنز سے شروع کیا، رنگانا ہیراتھ کی گھومتی ہوئی گیندوں پر جنوبی افریقی بیٹسمین ہوش کھوبیٹھے، ہاشم آملانے 159 گیندوں پر اگرچہ 25رنز بنائے لیکن وہ تین گھنٹے تک کریز پر قابض رہے۔

ایک موقع پر انھوں نے بغیر کوئی رن بنائے 57 گیندیں کھیلیں جس سے میزبان بولرز کی پریشانی بڑھی، مہیلا جے وردنے نے فاف ڈوپلیسی (10) کو اپنا 200واں کیچ بنایا،ایک مرحلے پر 148 کے اسکور پر8 پلیئرزپویلین واپس جا چکے تھے، تاہم ٹیل اینڈرز ورنون فیلنڈر 27 اور عمران طاہر4 ناٹ آؤٹ نے اختتامی 9 اوورز میں جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، ٹیم نے 159 رنز بنائے،س ری لنکا کو 2006 کے بعد پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، عمران طاہر کی جانب سے اختتامی مراحل میں وقت ضائع کرنے کے حربے اپنانے پر کراؤڈ نے ہوٹنگ بھی کی،لیفٹ آرم اسپنر ہیراتھ نے 40رنز کے عوض5 شکار کیے۔

آف اسپنر دلروان پریرا نے 60 رنز کے بدلے 3 وکٹوں کا سودا کیا، پانچویں دن جنوبی افریقی شائقین اپنی ٹیم کے رنز بنانے سے زیادہ بارش ہونے کی دعائیں کرتے رہے، اگرچہ دن میں وقفے وقفے سے بارش کے سبب کھیل میں تعطل آیا لیکن سری لنکا کو مہمان ٹیم کی وکٹیں پانے کیلیے مکمل 91 اوورز ہی ملے ، صبح تین اوورز بعد بارش کے سبب کچھ دیر کیلیے کھیل رکا جبکہ 11 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ بارش شروع ہونے پر قبل از وقت لنچ کردیاگیا، شام کے سیشن میں بارش ہوئی جس سے آدھے گھنٹے کا کھیل متاثر ہوا۔