ایران، اسرائیل جنگ: وزیر اعظم کا قطر پر حملے کے بعد امیر قطر اور سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا، شہباز شریف


ویب ڈیسک June 24, 2025

وزیراعظم پاکستان سے قطر کے سفیر نے ملاقات کی جس کے دوران شہباز شریف نے قطر پر حملوں کے بعد امیر قطر اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کے حملوں کے بعد بوزیراعظم نے امیر قطر اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ  ہم قطری بہن، بھائیوں اور پورے خطے کی سلامتی اور تحفظ کے لیے دعا گو ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ  مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات  کی جس کے دوران شہباز شریف نےخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار  کرتے ہوئے  سعودی عرب کے برادر عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، 

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ 

مقبول خبریں