کراچی، ایکسپو سینٹر کے قریب مسلح ملزمان نے آن لائن ٹیکسی میں سوار تاجر کو لوٹ لیا

واقعے کے بعد متاثرہ تاجر نے متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کروا دی ہے


یحییٰ خان June 25, 2025

کراچی:

شہر قائد کے علاقے ایکسپو سینٹر کے قریب مسلح ملزمان نے آن لائن ٹیکسی میں سفر کرنے والے موبائل فون کے ایک تاجر کو لوٹ لیا۔ واردات تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں پیش آئی۔

صدر موبائل الیکٹرانک ڈیلر ایسوسی ایشن منہاج گلفام کے مطابق، متاثرہ تاجر شاہ رخ موبائل فونز کے کاروبار سے وابستہ ہے اور الیکٹرانکس مارکیٹ میں کام کرتا ہے۔ واردات کے وقت وہ آن لائن ٹیکسی میں ایئرپورٹ جا رہا تھا کہ چار موٹرسائیکلوں پر سوار آٹھ مسلح افراد نے اسے نشانہ بنایا۔

ملزمان نے تاجر سے 15 ہزار سعودی ریال، 3 ہزار درہم اور قیمتی موبائل فونز چھین لیے، جب کہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو اتار کر گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔

واقعے کے بعد متاثرہ تاجر نے متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کروا دی ہے۔ منہاج گلفام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ تاجر کا لوٹا گیا سامان واپس دلوایا جائے۔

مقبول خبریں