راولپنڈی:
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وہ اپنی پسند کا کھانا قیدی سے تیار کرواتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سائیکل، ایل ای ڈی، اخبارات اور ذاتی کتب کی سہولت دستیاب ہیں، وہ اپنا کھانا تیار کرنے کے لیے قیدی معاون بھی فراہم کیا گیا ہے، دیگر بی کلاس اسیران کو یہ سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے اب تک 413 بار ٹویٹ کروایا جبکہ اہم سیاسی ہدایات اور بیانات ٹویٹر کے ذریعے جاری کیے، 145مواقع پر بیانات ملکی میڈیا کی سرخیوں کا حصہ بنے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 10بین الاقوامی میڈیا چینلز سے بھی باہمی تعامل کر چکے ہیں گزشتہ 3 ماہ میں 66 افراد سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں کسی بیماری یا عارضے کی رپورٹ نہیں، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے واک اور ایکسرسائز کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
جیل حکام نے مزید واضح کیا کہ جیل انتظامیہ اپنے فرائض منصبی بھرپور طریقے سے انجام دے رہی ہے۔