بارک اوباما اور مشل اوباما کی طلاق پر پہلی بار جوڑے کا بڑا اعلان سامنے آگیا

سابق امریکی صدر کی اداکارہ کے ساتھ ڈیٹنگ کی خبریں زیر گردش تھیں


ویب ڈیسک July 18, 2025
سابق امریکی صدر بارک اوباما کے اداکارہ جینیفر کیساتھ تعلقات کی خبریں گرم ہیں

امریکا کے سابق صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ سابق خاتونِ اول مشل اوباما نے طلاق سے متعلق پہلی بار ایک انٹرویو میں حقیقت بتادی۔

سابق خاتون اوّل کے بھائی کریگ رابنسن کے پوڈکاسٹ میں باراک اوباما اپنی اہلیہ مشل کے ساتھ شریک ہوئے اور طلاق کی افواہوں پر کھل کر بات کی۔

پوڈ کاسٹ میں جب سابق امریکی صدر سے طلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو باراک اوباما نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہاں، کچھ وقت کے لیے معاملہ نازک تھا لیکن پھر مشل نے مجھے واپس لے لیا۔

اس پر موقع پر مشل اوباما نے مسکرا کر کہا کہ لوگ اگر مجھے اپنے شوہر کے ساتھ کسی تقریب میں نہ دیکھیں تو فوراً سمجھ لیتے ہیں کہ شادی ختم ہوگئی۔ ارے بھائی! ہم 60 سال کے ہیں، اپنی زندگی کا ہر لمحہ انسٹاگرام پر تو شیئر نہیں کیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ مشل اوباما سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری سمیت متعدد اہم سرکاری تقریبات میں خلافِ معمول اپنے شوہر باراک اوباما کے ساتھ شریک نہیں ہوئی تھیں۔

مشل اوباما کی مسلسل عدم موجودگی نے سوشل میڈیا پر طلاق کی قیاس آرائیوں کو ہوا دی لیکن انھوں نے واضح کیا کہ اس سال میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں دنیا کی توقعات کے مطابق نہیں اپنی مرضی سے جینے کی کوشش کروں گی۔

جس پر پوڈ کاسٹ کے میزبان اور مشل کے بھائی کریگ رابنسن نے کہا کہ آپ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی۔

مشل اوباما نے اپنے بھائی کو مسکرا کر جواب دیا کہ مجھے بھی خوشی ہوئی۔ لیکن ہمیں ہر وقت سب کے سامنے آ کر ثابت کرنے کی ضرورت نہیں کہ ہم ایک ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ 2022 سے باراک اوباما کے اداکارہ جینیفر کے ساتھ تعلقات پر مشل اوباما سے اختلافات اور طلاق کی خبریں زیر گردش تھیں جو جھوٹ ثابت ہوئیں۔

 

 

مقبول خبریں