صدارتی انتخابات میں دھاندلی نہیں کی حامد کرزئی

آڈیوٹیپ کا معاملہ سنگین دھوکے بازی، شخصی آزادی وسلامتی کی خلاف ورزی ہے، ترجمان افغان صدر


INP August 06, 2014
عبداللہ کے ساتھیوں نے ایک آڈیوٹیپ جاری کی تھی جس میں نائب صدردھاندلی پراکسارہے ہیں فوٹو: فائل

افغان صدر حامدکرزئی نے جون میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مبینہ دھاندلی میں اپنے اوراپنے نائب صدرکے ملوث ہونے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

صدارتی انتخاب کے اہم امیدوار، افغانستان کے سابق وزیرخارجہ اورصدر کرزئی کے پرانے حریف عبد اللہ عبداللہ کے ساتھیوں نے گزشتہ روزایک آڈیو ٹیپ جاری کی تھی جس کے بارے میں ان کادعویٰ تھاکہ یہ نائب صدرمحمدکریم خلیلی کی ہے۔ مبینہ آڈیوٹیپ میں نائب صدر خلیلی، عبداللہ عبداللہ کے حریف اشرف غنی کوفائدہ پہنچانے کے لیے بعض افرادکو انتخابات میں دھاندلی کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ افغان صدارتی محل کے ترجمان ایمل فیضی نے آڈیوٹیپ کوجعلی قراردیتے ہوئے اسے تیارکرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کااعلان کیاہے۔

ایک انٹرویو میں افغان صدرکے ترجمان کا کہنا تھاکہ آڈیوٹیپ کامعاملہ سنگین دھوکے بازی اورشخصی آزادی اورسلامتی کی خلاف ورزی ہے جس کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان کے بقول صدرکرزئی اوران کے نائب صدر افغانستان میں پرامن انتقالِ اقتدارکے خواہاں ہیں اورانھوں نے غیرجانبداری کامظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل کے دوران کسی بھی امیدوارکی حمایت یامخالفت سے گریزکیا ہے۔