
بھارت کی سینئر اداکارہ بسنتی چیٹرجی 88 برس کی عمر میں کولکتا میں طویل علالت کے بعد چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سو سے زائد فلموں میں لازوال کردار نبھانے والی بسنتی چیٹرجی مغربی بنگال فلم انڈسٹری کی منجھی ہوئی اداکارہ تھیں۔
بنگال فلم انڈسٹری میں 50 سال سے اداکاری کے جوہر دکھانے والی بسنتی چیٹرجی کو چند برس قبل کینسر کا مرض تشخیص ہوا تھا جس کا انھوں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔
آخری اسسٹیج پر ڈاکٹرز نے انھیں گھر پر آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا جہاں آج وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ان کے انتقال کی خبر نے فلم بینوں کو افسردہ کر دیا۔
بسنتی چیٹرجی نے نہ صرف بلاک بسٹرز فلمیں دیں بلکہ ٹی وی اسکرین پر بھی دھاک بٹھائے رکھی۔
ان کی آخری ٹی وی سیریل ‘گیتا ایل ایل بی’ تھی، جس کی شوٹنگ کے دوران وہ شدید بیمار ہو گئی تھیں۔
بسنتی چیٹرجی نے 50 سال قبل تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اور ان کی شخصیت سادگی، پیشہ ورانہ لگن اور فنی مہارت کی عمدہ مثال تھی۔
بھارتی فلمی برادری، بنگالی فنکار، مداح اور سینئر صحافیوں نے بسنتی چیٹرجی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں بنگالی فلم انڈسٹری کا روشن چہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔