نیشنل پریس کلب پر پولیس کا حملہ؛ سیکڑوں صحافیوں کا احتجاج، فضل الرحمان بھی پہنچ گئے

صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی، غنڈہ گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، فضل الرحمان


اسٹاف رپورٹر October 03, 2025

اسلام آباد:

نیشنل پریس کلب پر وفاقی پولیس کی جانب سے دھاوا بولنے اور غنڈہ گردی کرنے پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام جمعہ کی شام بھرپور احتجاج کیا گیا ریلی نکالی گئی، اظہار یکجہتی کیلئے مولانا فضل الرحمن بھی پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی قیادت میں سیکڑوں  صحافیوں نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور بعد ازاں شہید ملت سیکریٹریٹ تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر ہونے والی پولیس گردی کے خلاف جمعہ کو ملک بھر کے پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں، پریس کلب ممبران کا دوسرا گھر ہوتا ہے، پاکستان بھر سے دوستوں نے پریس کلبز کے عہدیداروں نے رابطہ کیا، تمام دوستوں کا کہنا ہے کہ نیشنل پریس کلب پر حملہ تمام پریس کلبز پر حملہ ہے۔

انہوں ںے کہا کہ آج پی آر اے نے قومی اسمبلی سے واک آوٹ کیا ہے، حکومت نے کہا کہ پی آر اے اپنے مطالبات لائے، ہمارا مسئلہ یہ نہیں کہ دو یا 4 پولیس اہلکاروں کو ہٹا دیا جائے یا ایف آئی آر درج کرلی جائے اس سے ہم مطمئن نہیں ہوں گے، ہم ایک چارٹر آف ڈیمانڈ بنا رہے ہیں کہ پریس کلب کا کیسے تحفظ کرنا ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی نیشنل پریس کلب پر غنڈہ گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، ہم صحافی برداری کے ساتھ ہیں، صحافی پُرامن لوگ ہیں۔

صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہمیشہ اخلاقی طور پر ہر کڑے وقت میں صحافی برداری کا ساتھ دیتے ہیں۔

مقبول خبریں