ٹورنٹو ماسٹرز کپ ٹینس راجر فیڈرر اور جوئے ولفریڈ سونگا میں ٹائٹل کی جنگ

سیمی فائنلز میں سیکنڈ سیڈ سوئس ماسٹر نے اسپینش حریف فلکیانو لوپز کوٹھکانے لگادیا، بلغارین پلیئر گریگور دیمیتروف۔۔۔


AFP/Sports Desk August 11, 2014
مونٹریال ویمنز ٹینس میں حیران کن طور پروینس نے سرینا ولیمز کو مات دیدی، اگنیسکا ریڈوانسکا نے ایکٹرینا کا قصہ تمام کردیا۔ فوٹو: فائل

راجرفیڈرر نے پانچویں مرتبہ ٹورنٹو ماسٹرز کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، دو مرتبہ کے چیمپئن کو اب ٹرافی کیلیے جوئے ولفریڈ سونگا کا سامنا رہے گا۔

فیڈرر نے سیمی فائنل میں فلکیانو لوپز کو ٹھکانے لگایا جبکہ دراز قامت فرنچ پلیئر سونگا نے بلغارین حریف گریگور دیمیتروف کی کہانی ختم کردی۔ مونٹریال ویمنز ٹینس میں حیران کن طور پر وینس نے دفاعی چیمپئن اور اپنی چھوٹی بہن سرینا کو ہرادیا، ٹرافی کیلیے ان کا مقابلہ تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا سے ہوگا، دوسرے سیمی فائنل میں ایکٹرینا ماکارووا کی ہمت جواب دے گئی۔ تفصیلات کے مطابق راجرفیڈرر نے ٹورنٹو ماسٹرز میں اسپینش حریف فلکیانو لوپز کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-4 سے مات دیکر پانچویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

دو مرتبہ کے چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ فیڈرر کو اب ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے فرنچ حریف جوئے ولفریڈ سونگا کا چیلنج درپیش رہے گا، گذشتہ دو ایونٹس کے فائنل میں فیڈرر نے سونگا کو ٹھکانے لگارکھا ہے، تاہم کینیڈا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں پہلی بار سونگا کا فیڈرر سے سامنا ہوگا، سوئس ماسٹر اپنے شاندار کیریئر کا 120واں فائنل کھیلتے ہوئے کیریئر کا 80واں ٹائٹل اپنے نام کرسکتے ہیں، فلکیانو لوپز کیخلاف فیڈرر نے ابتدا ہی سے کھیل پر اپنی گرفت قائم رکھی، لوپز اب تک فیڈرر سے ہونے والے تمام 11 میچز ہارچکے ہیں، دوسرے سیٹ میں انھیں گردن میں تکلیف بھی محسوس ہوئی۔

فیڈرر نے گذشتہ دنوں ڈیوڈ فیرر کو کوارٹر فائنل میں شکست دیکر اپنی 33ویں سالگرہ کو یادگار بنایا تھا، انھوں نے کہا کہ میں اپنی موجودہ فارم سے بہت خوش ہوں جبکہ فائنل میں پہنچنے کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ بڑی سروس کرنے پر ہمیشہ پوائنٹس جیتنے کا چانس رہتا ہے، میں نے اپنے کھیل پر توجہ دیتے ہوئے پوائنٹس جیتنے کے مواقع تخلیق کیے، سونگا سے فائنل کے تناظر میں فیڈرر نے کہا کہ یہ بھی دلچسپ مقابل ہوگا، کیونکہ جوئے سونگا بھی اس وقت عمدہ کھیل پیش کررہا ہے، فیڈرر نے رواں برس اب تک 44 میچز جیتے جبکہ 8 مقابلوں میں انھیں شکست کا سامنارہا ہے۔

وہ سیزن میں تیسرا ٹائٹل جیتنے کیلیے پراعتماد ہیں، فیڈرر اس سے قبل دبئی اور ہیل میں ٹائٹل جیت چکے ہیں، سونگا نے دوسرے سیمی فائنل میں بلغارین حریف گریگور دیمیتروف کو 6-4 اور6-3 سے قابو کیا، یہ مقابلہ 90 منٹ تک جاری رہا، سونگا نے اس سے قبل 2008 میں پیرس ماسٹرز کی ٹرافی اپنے نام کی تھی، وہ دوسری ماسٹرز ایونٹ ٹرافی کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب مونٹریال ویمنز ٹینس کے سیمی فائنل میں خلاف توقع وینس ولیمز نے اپنی چھوٹی بہن سرینا کو 6-7 (2/7) ، 6-2 اور6-3 سے ہرادیا،دونوں بہنوں کے درمیان یہ باہمی طور پر 25واں مقابلہ تھا، تاہم اس کامیابی کے بعدوینس نے سرینا سے باہمی میچز میں ریکارڈ کو 11-14 کرلیا، وینس نے پانچ برس بعد سرینا کیخلاف کسی میچ میں کامیابی حاصل کی، فائنل میں وینس کا ٹاکرا اب تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں روسی کھلاڑی ایکٹرینا ماکارووا کو 7-6(7/1) ، 7-6(7/3) سے ٹھکانے لگادیا۔