کراچی:
کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب آغا اسٹیل کے پاس واقع آٹو پارٹس کی فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے مولڈنگ ڈپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر حکام کے مطابق آگ پلاسٹک دانے کے ذخیرے میں لگی تھی جس کے باعث شعلے تیزی سے پھیل گئے۔ فائر افسر فخر کے مطابق آگ کی اطلاع صبح تقریباً چھ بجے موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔
کے ایم سی فائر بریگیڈ کے پانچ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے پانچ فائر ٹینڈرز نے مل کر آپریشن میں حصہ لیا۔
اسٹیشن افسر لانڈھی کے مطابق دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا، جب کہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم فیکٹری کے مولڈنگ سیکشن میں موجود پلاسٹک دانے کا بڑا ذخیرہ جل کر راکھ ہوگیا۔