نہر عبور کرنے کی مشق کے دوران بھارتی فوجی ٹینک ڈوب گیا؛ 1 اہلکار ہلاک، 2 کی حالت غیر

گزشتہ برس بھی بھارتی فوجی ٹینک کے دریا عبور کرنے کی ٹریننگ کے دوران بہہ جانے سے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے


ویب ڈیسک December 03, 2025
نہر عبور کرنے کی مشق کے دوران بھارتی فوج کا ٹینک ڈوب گیا

بھارتی ریاست راجستھان میں فوجی ٹینک کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے نہر عبور کرنے کی مشق کر رہا تھا کہ خود حادثے کا شکار ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹینک میں موجود دو اہلکار باہر نکل کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے لیکن اپنے ایک ساتھی کو مصیبت میں چھوڑ آئے۔

ٹینک میں پھنس جانے والا اہلکار لاکھ کوشش کے باوجود باہر نہ نکل پایا اور فوری امداد نہ ملنے کے باعث ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ 

جائے حادثہ پر پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور سول ڈیفنس فورس کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث سپاہی کی لاش تیرتی ہوئی کافی دور نکل گئی۔

امدادی ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی مسلسل اور کڑی کوششوں کے بعد اہلکار کی لاش جائے حادثے سے کافی دور نہر سےنکالی گئی۔

بھارت میں یہ حادثہ اپنی نوعیت کا پہلا حادثہ نہیں ہے۔ جون 2024 میں لداخ کے علاقے میں دریا عبور کرنے کے دوران فوجی ٹینک بہہ جانے سے 5 اہلکار ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔

اکتوبر 2022 میں بھی فائرنگ کی مشق کے دوران ایک ٹینک پھٹ گیا تھا جس میں دو اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ایسے واقعات کی ایک پوری تاریخ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں فوجی مشقوں یا تربیت کے دوران حفاظتی اقدامات اور پیشہ ورانہ مہارت کا فقدان ہے۔

 

مقبول خبریں