ترسیلات زر جولائی میں ریکارڈ 164 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اوورسیز پاکستانیوں نے گزشتہ ماہ عرب امارات 10 کروڑ، سعودیہ 4.4 کروڑ،برطانیہ 2.6 کروڑ اورامریکا سے 2.4 کروڑ زائد بھیجے


Business Reporter August 13, 2014
اوورسیز پاکستانیوں نے گزشتہ ماہ عرب امارات 10 کروڑ، سعودیہ 4.4 کروڑ،برطانیہ 2.6 کروڑ اورامریکا سے 2.4 کروڑ زائد بھیجے، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2014 کے دوران 1 ارب 64 کروڑ 93 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی رقم وطن بھجوائی جوگزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں بھجوائی گئی رقم1ارب 40 کروڑ 43لاکھ 90 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 17.45 فیصد زیادہ ہونے کے ساتھ کسی ایک ماہ میں بھیجی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2014 کے دوران سعودی عرب سے 4کروڑ 37لاکھ 40ہزار کے سال بہ سال اضافے سے 45 کروڑ 44 لاکھ 70 ہزارڈالر، متحدہ عرب امارات سے 10کروڑ 4لاکھ 80ہزار کے اضافے سے 35 کروڑ 28لاکھ 90 ہزارڈالر، امریکا سے 2کروڑ 40 لاکھ 20 ہزار کے اضافے سے 25 کروڑ 70 لاکھ 80 ہزار ڈالر، برطانیہ سے 2کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار کے اضافے سے 24کروڑ 79لاکھ 60 ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ملکوں بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان سے 1کروڑ 83لاکھ 20 ہزار کے اضافے سے 17کروڑ 97 لاکھ 60 ہزارڈالر اور یورپی یونین کے ملکوں سے 57 لاکھ 30 ہزار کے اضافے سے 4کروڑ 43لاکھ20ہزار ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

جبکہ جولائی 2013 میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 41 کروڑ 7 لاکھ 30 ہزار ڈالر، 25کروڑ 24 لاکھ 10ہزار ڈالر، 23 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار ڈالر، 22 کروڑ 19لاکھ 30 ہزار ڈالر، 16 کروڑ 14لاکھ 40 ہزار ڈالر، 3کروڑ 85لاکھ 90 ہزار ڈالر تھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2014 کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 2 کروڑ 66 لاکھ 80 ہزار کے اضافے سے 11 کروڑ 29 لاکھ 10 ہزار ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی میں ان ملکوں سے موصولہ رقم 8کروڑ 62 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھی۔