پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ

دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں انہیں فوری طور پر ہمارے حوالے کیا جائے، وزیر داخلہ، برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات


اسٹاف رپورٹر December 04, 2025

اسلام آباد:

پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ دونوں افراد پاکستان میں انتہائی مطلوب ہیں انہیں فوری طور پر ہمارے حوالے کیا جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اہم ملاقات ہوئی جس میں ‎‎ پاک برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ‎ وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محسن نقوی نے برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر  بات چیت کی، شہزاد اکبر اور عادل راجہ کے حکومت پاکستان کی طرف سے Extradition کے کاغذات ان کے حوالے کیے۔

 وزیر داخلہ نے ان دونوں افراد کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کرنے کے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں اس لیے ان کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے پراپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے اور کہا کہ آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے، بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف بہتان اور ہرزہ سرائی کی کوئی ملک اجازت نہیں دے سکتا، ‎پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واپسی کے لیے برطانوی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ‎وزارت داخلہ نے بذریعہ وزارت خارجہ بھی  extradition process شروع کردیا ہے۔

مقبول خبریں