کراچی کے علاقے لائنز ایریا جیکب لائن شہاب الدین مارکیٹ کے قریب گھر میں گیس کے اخراج سے دھماکا ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں خاتون اور پانچ بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بریگیڈ تھانے کے علاقے لائنز ایریا جیکب لائن شہاب الدین مارکیٹ کے قریب گھر میں گیس کے اخراج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود خاتون اور پانچ کمسن بچے جھلس کرشدید زخمی ہو گئے جنہیں چھیپا ایمبولنس کے ریعے سول برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس ،ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے، جھلس کرزخمی ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ حمیدہ بی بی زوجہ خدا داد، 13 سالہ محمد اللہ ولد محمد لعل، 5 سالہ شعیب اللہ ولد خدا داد کے نام سے ہوئی زخمیوں میں 7 سالہ زرمینہ دخترخدا داد، 6 سالہ حفصہ دختر خدا داد اور2 سالہ رضیہ دخترخدا داد شامل ہیں،
پولیس حکام کے مطابق جھلس کرزخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، دھماکا گھر میں گیس کے اخراج کے باعث ہوا، رات گئے بےدہانی میں باورچی خانے میں چولہا کھلا چھوڑدیا گیا تھا، صبح اٹھ کر جیسے ہی ماچس جلائی، باورچی خانے میں گیس جمع ہونے سے زور دار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں پورے گھر کو نقصان پہنچا، زوردار دھماکے سے گھر میں موجود تمام کپڑے جل گئے، دروازہ ٹوٹ کرٹکڑوں میں تبدیل ہوگیا۔
چوتھی منزل پر ہونے والے دھماکے کے اثرات پانچویں اورتیسری منزل پر بھی پائے گئے، پڑوسیوں نے اپنی مدد اپ کے تحت اگ پر قابو پایا اورریسکیو اداروں کو طلب کیا، دھماکے کے نتیجے میں2 بچے اور خاتون زیادہ جھلس کر زخمی ہوئی۔