پشاور میں زمونگ کور کی یتیم اور بے سہارا بچیاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی مہمان بن گئیں۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں زمونگ کور کی یتیم اور بے سہارا بچیوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جہاں وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر سہیل آفریدی نے ان بچیوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کرایا، ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور تفصیلی و خوشگوار انداز میں ان سے گفتگو کی۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بچیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے، زمونگ کور میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچیوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں یادگار لمحات گزارے اور مدعو کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
بچیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ زمونگ کور کی اصل مالک ہیں اور ہم آپ کے خادم ہیں جب تک آپ تعلیم مکمل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو جاتیں، عمران خان کی حکومت آپ کا بھرپور خیال رکھے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بچیوں کے مسائل اور شکایات براہ راست سننے کے لیے کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔