ٹینس کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نوواک جوکووچ نے پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن سے مکمل طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں نوواک جوکووچ نے کہا کہ بڑے محتاط انداز میں سوچ بچار کے بعد میں نے پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن سے مکمل دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
24 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے حامل جوکووچ نے کہا کہ وہ پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن کے قیام کے مقصد پر فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد کھلاڑیوں کو ایک آزاد اور مضبوط آواز فراہم کرنا تھا، مگر اب تنظیم کی موجودہ سمت ان کی اقدار اور سوچ سے ہم آہنگ نہیں رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اپنی توجہ ٹینس، خاندان اور کھیل میں مثبت کردار ادا کرنے پر مرکوز رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن جوکووچ نے 2021 میں کینیڈین کھلاڑی واسیق پوسپسل کے ساتھ مل کر قائم کی تھی۔
گزشتہ سال مارچ میں نے پروفیشنل ٹینس پلیئرز ایسوسی ایشن نے اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے سمیت ٹینس کے بڑے اداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
تنظیم کا مؤقف تھا کہ یہ ادارے کھلاڑیوں کے ساتھ منظم ناانصافی کر رہے ہیں اور غیر مسابقتی طرزِ عمل اپنائے ہوئے ہیں۔
تاہم، جوکووچ نے اس قانونی کارروائی کے بعض پہلوؤں سے اختلاف کیا تھا جبکہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔