شراب و اسلحہ برآمدگی: علی امین گنڈاپور کیخلاف کل اخبارات میں اشتہارات دینے کا حکم

جوڈیشل مجسٹریٹ نے حقیقی آزادی مارچ کیس کی سماعت بھی کی، دو مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری


کورٹ رپورٹر January 05, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد:

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی پر عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کے لیے کل اخبارات میں اشتہار دینے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی جو کہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کے روبرو ہوئی۔

علی امین گنڈا پور آج عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ گنڈا پور کے خلاف اشتہاری ہونے کی کارروائی مکمل نہ ہوسکی۔ عدالت نے پولیس کو کل اخبارات میں اشتہارات دینے کی ہدایت کردی، عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔

علی امین گنڈا پور کی مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے وارنٹ گرفتاری کیے، کیس کی آئندہ سماعت 7 جنوری کو ہوگی۔

واضح رہے کہ شراب اور اسلحہ برآمدگی پر علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔

حقیقی آزادی مارچ کیس کے دو مقدمات میں وارنٹ گرفتاری

دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈا پور سمیت دیگر کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کیس کی سماعت کی اور دو مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل و دیگر ان دونوں مقدمات سے بری ہوچکے ہیں تاہم علی امین گنڈا پور و دیگر کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں بدستور دو مقدمات درج ہیں۔

مقبول خبریں