اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیت کے لیے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے ملاقات کے دوران گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
تعزیتی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے بیگم خالدہ ضیاء کو ایک مدبر، صاحبِ بصیرت اور ممتاز سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان اور اس کے عوام کی مخلص دوست اور خیر خواہ تھیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سےمرحومہ کے اہل خانہ، بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے کارکنان اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔