کراچی میں دندناتے واٹرٹینکر نے 7 سالہ بچے کو کچل دیا، ڈرائیور گرفتار

ڈرائیور نے ہینڈ فری لگائی ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ لوگوں کا شور نہیں سُن سکا، عارف اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا


ساجد رؤف January 05, 2026
فوٹو فائل

شہر قائد کے علاقے منگھوپیرغریب نواز کالونی میں دندناتے تیز رفتارواٹر ٹینکرنے ایک اورکمسن بچے کی جان لے لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منگھو پیرتھانے کی حدود میں واقع علاقےغریب نواز کالونی میں دندناتے تیز رفتار واٹرٹینکر کی ٹکرسے کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی بچے کی شناخت 7 سالہ عارف ولد غلام عباس کے نام سے ہوئی۔

حادثے کے بعد منگھوپیر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واٹرٹینکرکو قبضے میں لیکر اس کے ڈرائیور  کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت وزیر محمد ولد قدرون شاہ کے نام سے ہوئی۔

عباسی شہید اسپتال میں متوفی بچے کے والد غلام عباس نے بتایا کہ متوفی بیٹے کی والدہ کا تین سال قبل انتقال ہوگیا تھا، معصوم عارف دوبھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ واٹرٹینکرگلی میں پانی ڈال کر واپس جا رہا تھا ریورس کرتے ہوتے ہوئے واٹر ٹینکر نے بچے کو کچل دیا، واٹر ٹینکر کے ڈرائیورنے کان میں ہینڈ فری لگائی ہوئی تھی لوگوں نے شورکرکے واٹرٹینکرڈرائیورکو آوازدیکرروکنے کی کوشش کی واٹرٹینکر ڈرائیور نے لوگوں کی آواز نہیں سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹرٹینکروالے چند پیسوں کی لالچ میں بچوں کو روندرہے ہیں متوفی بچے کے والد نےانصاف فراہم کرنےاور گرفتار واٹرٹینکرکے ڈرائیور و مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

مقبول خبریں