جنوری کا گندم کوٹہ فوری نہ ملا تو آٹے کی قیمتیں بے قابو ہو جائیں گی، فلور ملز ایسوسی ایشن

سندھ حکومت نے فی فلور مل 16ہزار 600 بوری کا کوٹہ مقرر کیا ہے


احتشام مفتی January 05, 2026

کراچی:

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالجنید عزیز نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے فلور ملوں کو جنوری کے لیے گندم کا کوٹہ فوری طور پر فراہم نہ کیا گیا تو آٹے کی قیمتیں  قابو سے باہر ہوجائیں گی۔ 

جنید عزیز کے مطابق فلور ملوں کی جانب سے سندھ حکومت سے گندم کی خریداری کیلیے ساڑھے3 سے 4 ارب روپے جمع کروا دیے گئے ہیں۔ 

اربوں روپے کی پیشگی ادائیگیوں کے باوجود گندم کے اجرا  میں تاخیری حربے اختیار کیے جارہے ہیں حالانکہ محکمہ خوراک سندھ کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ 

سیکریٹری خوراک سندھ کے ساتھ پیر کو ہونے والے اجلاس میں متعلقہ مسائل حل کرنے کے لیے ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک روز کی مہلت دی گئی ہے کیونکہ فلور ملوں کو گندم فراہم نہیں کیا جارہا جسکی وجہ سے سندھ اور کراچی میں آٹے کی قلت کے خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔ 

کراچی میں تقریباً 100 فلور ملیں آپریشنل ہیں۔ سندھ حکومت نے فی فلور مل 16ہزار 600 بوری کا کوٹہ مقرر کیا ہے۔

مقبول خبریں