کراچی کی 500 سے زائد مخدوش عمارتوں کے مستقبل کا فیصلہ آج ہو گا

عمارتوں کے مکینوں کی محفوظ آبادکاری، عمارتوں کے سروے، اور ہنگامی اقدامات پر غور کیا جائے گا


اسٹاف رپورٹر January 05, 2026

کراچی:

وفاقی حکومت نے قدرتی آفات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو فوری اور جامع لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

اس سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں کراچی کی سینکڑوں مخدوش عمارتوں اور ان میں مقیم ہزاروں مکینوں کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے حکام کو بھی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں وہ مخدوش عمارتوں، ناقص تعمیرات کے باعث ممکنہ حادثات، اور ان کی روک تھام میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانچ سو سے زائد مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جن میں رہائش پذیر افراد کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اجلاس میں ان عمارتوں کے مکینوں کی محفوظ آبادکاری، عمارتوں کے سروے، اور ہنگامی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک بھر کے اہم ترقیاتی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، جبکہ مخدوش عمارتوں سے ممکنہ انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے عملی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مخدوش عمارتوں کے مکینوں کی متبادل آبادکاری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشترکہ تعاون کے بغیر ممکن نہیں، تاہم مذکورہ اجلاس کو قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب اور دیگر متوقع و غیر متوقع حادثات کی صورت میں اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں