اسٹاک ایکسچینج کی اونچی اڑان، انڈیکس 1 لاکھ 85 ہزار کی نئی تاریخی سطح کو عبور کرگیا

ٹریڈنگ کے دوران 1 ارب 30 کروڑ 60 لاکھ 62 ہزار 437 حصص کے سودے ہوئے، 238 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ


اسٹاف رپورٹر January 06, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج پھر تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 85 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نئے سال کی ترجیحات کے مطابق لیکویڈٹی کی آمد بڑھنے، انویسٹرز کی بڑھتی ہوئی شمولیت، میوچل فنڈز کی ریکارڈ سرمایہ کاری، ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے خصوصی قرض پروگرام متعارف کرائے جانے اور نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کی توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو دوسرا دن بھی تاریخ ساز رہا۔

مارکیٹ کے آغاز سے ہی انڈیکس میں بڑی نوعیت کی تیزی جاری رہی جس کے باعث 100 انڈیکس 1 لاکھ 83 ہزار، 1 لاکھ 84 ہزار اور 1لاکھ 85 ہزار پوائنٹس کی تین نئی بلند ترین سطحیں بھی عبور کرگیا۔

مارکیٹ میں تیزی کے سبب 48 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 2کھرب 30ارب 87کروڑ 92 لاکھ 12ہزار 767روپے کا اضافہ ہوا۔

کاروبار کا آغاز ریکارڈ نوعیت کی تیزی سے ہوا لیکن اس دوران آئل اینڈ گیس آئل مارکیٹنگ کمپنیز میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 1226 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی جس سے انڈیکس کی 1لاکھ 82 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا۔

تاہم کمرشل بینکوں سیمنٹ اور ریفائنری سیکٹرز میں دوبارہ وسیع البنیاد سرمایہ کاری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے، جس سے ایک موقع پر 3073 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی۔

اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔ نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2653.87 پوائنٹس کے اضافے سے 185062.11 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 929.65 پوائنٹس کے اضافے سے 57080.05 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 1270.51پوائنٹس کے اضافے سے 110241.44پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2418.36 پوائنٹس کے اضافے سے 260701.15پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 6 فیصد کم رہا جبکہ مجموعی طور پر 1 ارب 30 کروڑ 60 لاکھ 62 ہزار 437 حصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 485 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

ٹریڈنگ کے دوران 238 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 218 کے داموں میں کمی اور 29 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، ان میں انڈس موٹرز کے بھاؤ 79.55 روپے بڑھ کر 2181.88 روپے اور اٹک ریفائنری کے بھاؤ 57.09 روپے بڑھ کر 749.44 روپے ہوگئے۔

پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بھاؤ 933.38روپے گھٹ کر 24118.98 روپے اور رفحان میظ کے بھاؤ 67.62روپے گھٹ کر 9863.30 روپے ہوگئے۔

مقبول خبریں