کراچی میں آوارہ کتوں کے حملوں میں تشویشناک اضافہ، صرف 5 روز میں 300 کیسز رپورٹ

بیشتر متاثرین میں دو سال سے کم عمر بچے شامل ہیں، انڈس اسپتال حکام


اسٹاف رپورٹر January 06, 2026

کراچی:

سال نو کے ابتدائی پانچ دنوں کے دوران انڈس اسپتال کورنگی میں سگ گزیدگی کے 300 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مینجر ریبیز پریونشن کلینک انڈس اسپتال آفتاب گوہر نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ کورنگی، لانڈھی، بلدیہ، حب چوکی اور گڈاپ ٹاؤن سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سگ گزیدگی کے بیشتر متاثرین دو سال سے کم عمر بچے ہیں جن کے چہروں کو آوارہ کتوں نے بری طرح بھنبھوڑ ڈالا جبکہ ایک واقعے میں آوارہ کتے کے حملے سے 41 سالہ شخص کی انگلی کٹ گئی، تمام متاثرین کو بروقت ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین (PEP) فراہم کی گئی۔

مینجر ریبیز پریونشن کلینک کا کہنا ہے کہ ریبیز خطرناک مرض ہے جو بغیر علاج جان لیوا ثابت ہوتا ہے، اس لیے سگ گزیدگی کی صورت میں متاثرہ حصہ کو نلکے کے پانی کے نیچے دس سے پندرہ منٹ رکھ کر کسی بھی صابن سے فوری طور دھوئیں پھر ویکسین لگوائیں۔

مقبول خبریں